برتھ ڈے منانے پر سپرنٹنڈنٹ نظام آباد ہاسپٹل کا تبادلہ

   

مریض کے علاج میں تساہل پر سکریٹری ہیلت کی کارروائی
حیدرآباد ۔13۔جنوری (سیاست نیوز) مریضوں کے علاج پر توجہ دینے کے بجائے ہاسپٹل میں سالگرہ منانا نظام آباد گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل کی سپرنٹنڈنٹ کو مہنگا پڑا۔ حکومت نے سپرنٹنڈنٹ پرتیما راج کا فوری طور پر تبادلہ کردیا ہے۔ شعبہ اطفال کے پروفیسر سرینواس کو انچارج سپرنٹنڈنٹ مقرر کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعرات کی رات علاج کے لئے ایک مریض کو ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا لیکن وہاں موجود طبی عملہ نے مختلف بہانے بناکر علاج سے انکار کیا۔ علاج میں غفلت پر مقامی رکن اسمبلی کے پرسنل اسسٹنٹ نے ہاسپٹل کو فون کیا جس کے بعد مریض کا علاج کیا گیا۔ جمعرات کی صبح ہاسپٹل میں واقع سپرنٹنڈنٹ کے چیمبر میں پرتیما راج کی برتھ ڈے تقریب منائی گئی ۔ ہاسپٹل کے اسٹاف نے برتھ ڈے پارٹی میں شرکت کی۔ مریضوں کے علاج پر توجہ دینے کے بجائے ہاسپٹل میں برتھ ڈے پارٹی کرنے پر تنازعہ کھڑا ہوگیا۔ اس بارے میں محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کو شکایت کی گئی۔ پرنسپل سکریٹری ہیلت کرسٹینا نے کارروائی کرتے ہوئے پرتیما راج کا فوری تبادلہ کردیا ہے ۔1