برسوں غیرملکی کارکنان کو مفت ناشتہ کرانے والے سعودی شہری کا انتقال

   

ریاض: سعودی عرب کے تبوک میں غیر ملکی کارکنان کو مفت ناشتہ کرانے والے سعودی شہری حمود العطوی کے انتقال پر علاقے میں رنج کی لہر دوڑ گئی ہے۔میڈیا کے مطابق سعودی شہری تقریباً تیس سال سے تبوک کے علاقہ میں آنے والے غیرملکی مزدوروں کو مفت ناشتہ کرا رہے تھے۔وہ مشرقی تبوک کے المعظم قریہ سے حال ہی میں واپس آئے تھے۔ ان کی تدفین تبوک قبرستان میں کی گئی۔حمود العطوی کے ایک رشتے دار نے بتایا کہ جس طرح وہ دل کھول کر غریبوں اور مسکینوں کی مدد کرتے تھے۔ اب ان کے بیٹے بھی جنہیں سخاوت ورثے میں ملی ہے اسی طرح ضرورت مندوں کی مدد کر رہے ہیں۔ خصوصاً تبوک کے حراج میں غیرملکی مزدوروں کا خاص خیال رکھا جارہا ہے ۔ ایک دوست مجاہد الخضری کا کہنا تھا ’حمود العطوی بدو تھے۔ صحرا میں ان کی پرورش ہوئی تھی۔ مہمان نوازی ان کی پہچان تھی۔ وہ سوق الخمیس میں مزدوروں کو ناشتہ کراتے تھے۔ان کی بیگمات قہوہ، روٹی سمیت ناشتے کی تمام چیزیں خود تیار کرتی تھیں۔گورنر تبوک شہزدہ فید بن سلطان بھی ان کی فیاضی سے متاثر تھے۔ کئی سال پہلے ان کی عزت افزائی بھی کی تھی۔ سخی اور مخلص شخصیت حمود العطوی کے انتقال پرنہ صرف تبوک کے علاقہ کے مقامی عوام میں بلکہ تبوک آنے والے غیر ملکی مزدوروں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے ۔