برطانیہ اور جاپان میں دفاعی معاہدہ

   

لندن ؍ ٹوکیو : برطانیہ اور جاپان کے رہنماؤں نے چہارشنبہ کو ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت ان کے فوجیوں کو ایک دوسرے کے ملکوں میں تعینات کیا جا سکتا ہے۔چین کی تائیوان کی جانب، جسے وہ اپنا ایک باغی صوبہ سمجھتا ہے بڑھتی ہوئی فوجی جارحیت پر تشویش میں اضافے کے دوران دونوں ملک اپنے فوجی تعلقات کو مضبوط کر رہے ہیں۔برطانیہ کیوزیراعظم رشی سونک اور جاپانی وزیراعظم فومیو کیشیدا نے ٹاور آف لندن کے علامتی پس منظر میں معاہدے پر باضابطہ دستخط کیے۔ برطانوی حکومت نے کہا کہ یہ معاہدہ ،ہند اور بحر الکاہل کے خطے سے ہماری وابستگی کو مضبوط کرتا ہے۔سو نک نے اپنے جاپانی ہم منصب کو بتایا کہ نہ صرف تجارت اور سیکیورٹی کے شعبوں میں بلکہ ہماری اقدار کے حوالیسے بھی دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں۔کیشیدا نے، جاپان اور برطانیہ کے درمیان سیکیورٹی اور تعاون کی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ سونک او ر ان کے درمیان اسٹریٹجک امور پر بات چیت ہوگی۔اس معاہدے کے تحت جو جاپان کا کسی یورپی ملک کے ساتھ پہلا دفاعی معاہدہ ہے، گروپ سیون کے یہ دو نوں ملک مشترکہ فوجی مشقیں کر سکیں گے۔