برطانیہ میں نئی پٹرول کاروں کی فروخت 2030ء سے ختم

   

لندن : برطانیہ سال 2030ء سے ملک میں پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی فروخت پر پابندی لگا دے گا۔ قبل ازیں برطانیہ نے اس کے لیے 2035ء کا اعلان کیا تھا۔ اس فیصلے کو وزیر اعظم بورس جانسن کے ’گرین ریوولوشن‘ یا سبز انقلاب کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے جس کے مطابق برطانیہ نے 2050ء تک ضرر رساں گیسوں کے مجموعی اخراج کو صفر کی سطح تک لانا ہے۔ برطانیہ گزشتہ برس جی سیون ممالک میں پہلا ایسا ملک بن گیا تھا، جس نے ضرر رساں گیسوں کی مجموعی شرح صفر پر لانے کیلئے قانون سازی کی تھی۔