برقی بلس کو تین اقساط میں ادائیگیکی سہولت

   

وزیر برقی جگدیش ریڈی کا بیان ، حکومت سے جلے پر نمک چھڑکنے کی کوشش
حیدرآباد۔8جون(سیاست نیوز) برقی صارفین کو حکومت تلنگانہ کی جانب سے لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران استعمال کی جانے والی برقی کے بلوں کے ذریعہ دیئے جانے والے جھٹکوں کے بعد اب ریاستی حکومت کی جانب سے برقی بلوں کی اقساط میں ادائیگی کی سہولت کے نام پر جلے پر نمک چھڑکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن لمیٹڈنے لاک ڈاؤن میں رعایت کے ساتھ ہی برقی بلوں کی اجرائی کے ذریعہ صارفین کو مشکلات میں مبتلاء کردیا اور جب ریاست گیر سطح پر برقی بلوں کے خلاف عوام کی جانب سے ردعمل ظاہر کیا گیا تو یہ وضاحت کی گئی کہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل اور این پی ڈی سی ایل نے جو برقی بل جاری کئے ہیں وہ درحقیقت آخری سلاب کے مطابق جاری کئے گئے ہیں کیونکہ تین ماہ کے بل یکساں جاری کئے جار ہے ہیں اسی لئے برقی کی قیمت آخری سلاب کے اعتبار سے وصول کی جارہی ہے۔اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے برقی بلوں کے مسئلہ پر شدت کے ساتھ آواز اٹھائے جانے کے بعد آج ریاستی وزیر برقی مسٹر جگدیش ریڈی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے برقی بلوں کے مسئلہ پر عوام کے معاشی حالات کا جائزہ لینے اور کافی غور و خوص کرنے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ برقی صارفین کو اقساط میں برقی بل ادا کرنے کی سہولت فراہم کی جائے ۔ حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق تلنگانہ کے برقی صارفین کو جون تا اگسٹ کے دوران اقساط میں بل ادا کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ انہو ںنے بتایا کہ ماہ جون میں صارفین 30 فیصد کی قسط ادا کرسکتے ہیں اور ماہ جولائی کے دوران 40 فیصد ادائیگی کو یقینی بنانا ہوگا اسی طرح ماہ اگسٹ کے دوران 30 فیصد کی قسط وصول کی جائے گی۔ وزیر نے برقی بلوں میں کسی قسم کے نقائص نہ ہونے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بلوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ برقی صارفین کو اقساط میں بلوں کی ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے اور آئندہ تین ماہ کی مدت کے دوران یہ بل ادا کئے جاسکتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران کے برقی بلوں میں اضافہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ بل میں کوئی خامی نہیں ہیں اور ان بلوں کی وصولی عمل میں لائی جائے گی لیکن جو لوگ مکمل بل ادا کرنے سے قاصر ہیں انہیں اقساط میں ادائیگی کی سہولت حاصل رہے گی۔ وزیر برقی نے مزید کہا کہ موسم گرما کے دوران برقی بلوں میں 30تا40 فیصد کا اضافہ معمول کی بات ہے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے برقی بلوں کی اقساط میں ادائیگی کی سہولت کے اعلان کے بعد یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ حکومت نے برقی بلوں کو معاف نہ کرنے یا ان میں کسی قسم کی کمی نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔