برقی شعبہ میں جونیئر لائین مین عہدوں پر 2019 نوٹیفیکیشن کے مطابق تقررات،تلنگانہ ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ

   

حیدرآباد۔13۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کو جونیئر لائن مین عہدوں پر تقررات 2019 ء میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ 2006 ء نوٹیفکیشن سے تعلق رکھنے والے بعض امیدواروں کے تقررات پر غور کرنے سے متعلق ہائی کورٹ کے سنگل جج کے احکامات کو کالعدم کردیا گیا۔ سنگل جج نے 2006 کے امیدواروں کو تازہ ترین نوٹیفکیشن کے تحت شامل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ امیدواروں نے 2019 ء کے بجائے 2006 نوٹیفکیشن کے مطابق تقررات کی اپیل کی تھی۔ سنگل جج کے احکامات کو چیلنج کرتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی نے اپیل دائر کی۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس ابھینند کمار شاولی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے سماعت کی۔ برقی کمپنی کی جانب سے سینئر کونسل جی ودیا ساگر نے دلائل پیش کئے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2006 نوٹیفکشین کے مطابق حکومت نے 7114 جائیدادوں پر تقررات کئے ۔ امیدواروںکو 4 مختلف برقی کمپنیوںکو الاٹ کیا گیا۔ ڈسٹری بیوشن کمپنی کو 2443 پوسٹ الاٹ کئے گئے۔ بعض امیدوار اس معاملہ میں سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے جہاں ان کی درخواست مسترد کردی گئی ۔ دلائل کی سماعت کے بعد ڈیویژن بنچ نے سنگل جج کے فیصلہ کو کالعدم کرتے ہوئے 2019 ء نوٹیفکیشن کے مطابق تقررات کا عمل جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔ر