برقی صارفین کے مسائل کی یکسوئی کیلئے بستی باٹا پروگرام کا آغاز

   

ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدرنشین نے بیگم پیٹ میں عوام سے ملاقات کی، ہر جمعرات کو عہدیدار اپنے علاقوں میں جائیں گے
حیدرآباد۔6 ۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کی جانب سے برقی صارفین کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے آج سے بستی باٹا پروگرام شروع کیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت محکمہ برقی کے عہدیدار راست طور پر صارفین کے مکانات پہنچ کر ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کریں گے اور ان کی یکسوئی کی جائے گی۔ برقی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے صارفین سے راست طور پر رابطہ کا یہ پروگرام شروع کیا گیا ۔ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر جتیش وی پاٹل آئی اے ایس نے بیگم پیٹ علاقہ میں بستی باٹا پروگرام کا آ غاز کیا اور عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے برقی صارفین سے ان کے مسائل پر بات چیت کی اور عہدیداروں کو بروقت یکسوئی کی ہدایت دی ۔ انہوں نے ٹرانسفارمرس کے مرمتی کاموں اور برقی لائینوں سے مربوط درختوں کی شاخوں کی کٹوائی کے کام کا بھی جائزہ لیا۔ جتیش پاٹل نے صبح 9 بجے بیگم پیٹ علاقہ میں عوام سے گھر گھر پہنچ کر ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ بستی باٹا پروگرام کا مقصد صارفین کے مسائل کی ان کے گھر پر یکسوئی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ مینٹننس کے کام مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں ۔ ڈائرکٹر آپریشن این نرسنگلو کو ہر سیکشن آفیسر کے تحت آپریشن اینڈ مینٹننس میٹریل کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ بستی باٹا پروگرام ڈسٹری بیوشن کمپنی کے تمام 21 سرکلوں میں ہر جمعرات کو منعقد کیا جائے گا۔ کمپنی کے حدود میں آنے والے تمام علاقوں میں آج برقی عہدیداروں نے مختلف علاقوں میں عوام سے ملاقات کی ۔ اس پروگرام میں چیف انجنیئر سوچیندر ناتھ ، ڈیویژنل انجنیئر کرشنا راؤ ، ایڈیشنل ڈیویژنل انجنیئر کشور کمار ، اسسٹنٹ انجنیئر سائی کمار اور دوسروں نے شرکت کی۔1/k