برقی کھمبوں سے کیبل و انٹرنیٹ وائرنکالنے مشرف فاروقی کی ہدایت

   

آپریٹرس کو دو ماہ کی مہلت ختم، برقی سربراہی میں رکاوٹ دور کرنے اقدامات
حیدرآباد 30۔ اگست (سیاست نیوز) سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی آئی اے ایس نے انتباہ دیا کہ برقی کھمبوں پر غیر قانونی کیبل وائرس اور دیگر اشیاء کی تنصیب کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ برقی کھمبوں سے کیبل وائرس کو فوری ہٹایا جائے جس سے برقی سربراہی میں دشواری پیش آرہی ہے۔ برقی حکام نے کیبل آپریٹرس اور انٹرنیٹ سرویس پروائیڈرس کو پہلے ہی ہدایت دی ہے کہ وہ برقی کھمبوں سے اپنے وائر اور دیگر آلات فوری طور پر ہٹادیں۔ اس سلسلہ میں انہیں مہلت دی گئی تھی۔ مشرف فاروقی نے کیبل آپریٹرس اور انٹرنیٹ پروائیڈرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے برقی کھمبوں سے وائروں کو ہٹانے کی ہدایت دی تھی۔ اہم شاہراہوں پر ایک ہفتہ اور دیگر علاقوں میں دو ہفتوں کی مہلت دی گئی تھی۔ عہدیداروں کی واضح ہدایات کے باوجود شہر میں بیشتر مقامات پر کیبل آپریٹرس و انٹرنیٹ پروائیڈرس نے برقی کھمبوں پر اپنی لائنوں کو برقرار رکھا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں برقی حادثات اور سربراہی میں خلل کو روکنے مشرف فاروقی نے غیر ضروری وائروں اور ٹیلیکام آلات کو ہٹانے کی ہدایت دی۔ اکثر دیکھا گیا کہ کیبل وائر کے نتیجہ میں برقی شارٹ سرکٹ کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ برقی ملازمین کو مرمتی کاموں کی انجام دہی میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ کیبل آپریٹرس اور انٹرنیٹ پروائیڈرس کو کافی وقت دیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برقی ملازمین اپنے طور پر ہی انٹرنیٹ اور کیبل وائروں کو برقی کھمبوں سے نکالنے کا کام انجام دیں گے ۔ 1