بروک کی ناٹ آؤٹ سنچری، انگلینڈ 119رنز سے کامیاب

   

ساؤتھمپٹن، 16 ستمبر (یواین آئی) ہیری بروک کی ناٹ آؤٹ 114 رنز کی شاندار اننگز اور جوس بٹلر کے 80 رنز کے بعد سونی بیکر کی قیادت میں بولروں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے پہلے ٹی20 مقابلے میں سری لنکا کو 119رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی۔255رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم انگلینڈ کے بولنگ کا سامنا نہ کرسکی اور 19اوورز میں 135رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ دنیتھ ویلالاگے نے سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے ۔ داسن شاناکا نے 24، پاتھم نسانکا نے 12، کامل مشارا نے 10 اور کپتان چرتھ اسالنکا نے 10رنز بنائے ۔ ایشان ملنگا پانچ گیندوں پر 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لیام ڈاسن اور جیمی اوورٹن نے دو، دو وکٹیں لیں۔ جوس ٹنگ، ول جیکس اور عادل رشید نے ایک، ایک بیٹر کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کو تیسرے اوور کی پہلی گیند پر اینیورین ڈونلڈ(12)کی شکل میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ اس کے بعد کپتان ہیری بروک نے جوس بٹلر کے ساتھ جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسرے وکٹ کے لیے 128رنز کی شراکت قائم کرکے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔13ویں اوور کی پہلی گیند پر ونیندو ہسرنگا نے سنچری کی جانب بڑھ رہے جوس بٹلر کو آؤٹ کردیا۔