نئی دہلی/برازیلیا، 06 جون (یواین آئی) برکس ممالک نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے خلاف ‘زیرو ٹالرنس’ کی پالیسی پر اتفاق کیا ہے ۔برازیل کے دارالحکومت برازیلیا میں منعقدہ 11ویں برکس پارلیمانی فورم کی سالانہ کانفرنس میں ہندوستان سمیت 10 رکن ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کانفرنس میں ہندوستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں۔برکس پارلیمانی فورم کی 12ویں کانفرنس ہندوستان میں منعقد ہوگی، اس لیے کانفرنس کے آخری دن چیئرمین شپ مسٹر برلا کو سونپ دی گئی ہے ۔ برکس پارلیمانی کانفرنس میں ہندوستان، برازیل، روس، چین، جنوبی افریقہ، ایران، متحدہ عرب امارات، مصر، ایتھوپیا اور انڈونیشیا کے وفود کے ارکان نے شرکت کی۔ رکن ممالک کے نمائندوں نے کانفرنس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر مشترکہ اعلامیہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔پارلیمانی کانفرنس میں نمائندوں کے غور و خوض کے بعد مصنوعی ذہانت (اے آئی)، عالمی تجارت اور معیشت، بین پارلیمانی تعاون، عالمی امن و سلامتی جیسے کئی موضوعات پر وسیع بحث کے بعد اتفاق رائے پایا گیا۔ مختلف موضوعات پر ہندوستان کی طرف سے پیش کردہ خیالات کو تمام ممالک نے سراہا اور اسے متفقہ طور پر حتمی مشترکہ اعلامیہ میں شامل کیا گیا۔کانفرنس میں ہندوستان نے دہشت گردانہ حملوں کی واضح اور سختی سے مذمت کی اور دہشت گردی کے خلاف ‘زیرو ٹالرنس’ کی پالیسی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ مشترکہ اعلامیہ میں پہلگام دہشت گردانہ حملے کی بھی شدید مذمت کی گئی اور اس بار تمام ممالک کے نمائندوں کے درمیان اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ تمام برکس ممالک کی پارلیمنٹ دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کریں گی۔