بس اسٹانڈ نرمل میں مسافرین کیلئے سحر کا مفت انتظام

   

معقول پکوان کے ذریعہ روزہ داروں کی تواضع ، نوجوانوں کا قابل تحسین اقدام

نرمل ۔ 28 مارچ ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آج کے اس پرآشوب دور میں ایسے نوجوان بھی موجود ہیں جو دوسروں کے دُکھ درد اور سہولت کیلئے اپنا قیمتی وقت دیتے ہوئے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ضلع مستقر نرمل میں برسوں سے مختلف محلہ جات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے ایک کمیٹی تشکیل دی جس کا نام ’’سحر کمیٹی ‘‘ ہے یہ لوگ اپنے نام کا انکشاف بھی نہیں چاہتے ، تاہم عشاء کی نماز کے بعد مسافرین کیلئے جو حیدرآباد سے ناگپور اور ناگپور سے حیدرآباد جاتے ہیں اتفاق سے ان دونوں راستوں کا وقت نرمل میں سحر کا ہوتا ہے ، ان بسوں میں موجود مسلم روزہ داروں کی خدمت کے لئے متحرک رہتے ہیں ، ساتھ ہی مستقر میں ملازمتیں انجام دینے والوں کو جن کے ہاں سہولتیں مہیا نہیں ہے ایسے اصحاب کے ساتھ ہی اقلیتی اقامتی اسکول کے طلبہ کو بھی یہ کمٹی مفت سحر کا انتظام کرتے ہوئے اپنے حسن اخلاق کے ذریعہ ایک مثال قائم کرتے ہوئے برسوں سے اس تسلسل کو برقرار رکھا گیا ۔ کسی ہوٹل میں بھی ملازمین کا گاہکوں کے ساتھ وہ برتاؤ نہیں ہوتا جو سحر کمیٹی کے نوجوان روزہ داروں کی خدمت کرتے ہوئے کررہے ہوتے ہیں ۔ تصویر میں ناگپور اور حیدرآباد جانے والی بسوں اور سحری کرنے والوں کو دیکھا جاسکتا ہے ۔ یہ نوجوانوں کی ٹیم عشاء کی نماز ادا کرتے ہی قدیم بس اسٹانڈ کی ایک ہوٹل میں سحر کے پکوان کی تیاری شروع کردیتی ہے ۔ آج چوتھے روزہ کی سحری سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد قریب دو سو تھی جبکہ یہ تعداد آئندہ دنوں میں اور بھی زیادہ ہوگی ۔ گھردار چھوڑکر مسافرین کیلئے نوجوانوں کا یہ جذبہ قابل ستائش ہی نہیں قابل احترام بھی ہے کیونکہ نمائندہ سیاست نے اس کمیٹی سے بات چیت کی تو ان نوجوانوں نے اس بات سے اتفاق نہیں کیاکہ وہ ان حضرات کا نام اخبار میں قلمبند کریں کیونکہ یہ کام ہم نے اﷲ کی خوشنودی اور آخرت کے تناظر میں کررہے ہیں ، سستی شہرت یا نام نمود کا کوئی ارادہ نہیں ہے بس دعائیں ہی ہمارے لئے بہت قیمتی سرمایہ ہے ۔ یقینا دعاؤں کا رنگ نہیں ہوتا مگر جب یہ رنگ لاتی ہیں تو زندگی میں رنگ بھرجاتے ہیں ۔ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ کئی مسافرین اس کمیٹی کے اس کام سے متاثر ہوکر رقمی مدد کی پیشکش کرتے ہیں جبکہ کمیٹی قطعی اس پیشکش کو قبول نہیں کرتی صرف اور صرف دعاؤں کی گذارش کرتی رہتی ہے ۔ قابل مبارکباد ہے سحر کمیٹی جو ایسے خودغرض دور میں بے لوث خدمات انجام دے رہی ہے ۔