حیدرآباد۔یکم؍ جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آج سکندرآباد جوبلی بس اسٹیشن کا اچانک دورہ کرتے ہوئے مسافرین سے سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے بس اسٹیشن میں موجود ٹائیلٹس کی بہتر صفائی اور عوام کیلئے قابل استعمال رکھنے کی ہدایت دی۔ بس ڈرائیورس کو حادثات کی روک تھام کیلئے روڈ سیفٹی قواعد پر عمل آوری کا مشورہ دیا۔ کینٹین میں ملازمین سے ملاقات کرتے ہوئے مسافرین اور اسٹاف کو بہتر غذائی اشیاء کی سربراہی کی ہدایت دی اور ایکسپائری ڈیٹ کا جائزہ لیا۔ اضافی قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت کیخلاف انتباہ دیا۔ جوبلی بس اسٹیشن میں کار اور دیگر گاڑیوں کی پارکنگ کے موثر انتظامات کی بھی ہدایت دی۔ صحت و صفائی کے عملہ سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے بس اسٹیشن کو پاک و صاف رکھنے کی ہدایت دی۔ بس اسٹیشن میں مسافرین کیلئے سربراہ کئے جانے والے پانی کا بھی وزیر ٹرانسپورٹ نے جائزہ لیا۔ پلیٹ فارم پر مسافرین کی سہولت کیلئے ڈسپلے بورڈ آویزاں کرنے کی ہدایت دی تاکہ بس سرویسس سے متعلق معلومات فراہم کی جاسکیں۔ ضلع کلکٹر انودیپ درشٹی اور دیگر عہدیدار وزیر ٹرانسپورٹ کے ساتھ اس دورہ میں شریک تھے۔ ریاستی وزیر نے ضلع کلکٹر سے کہا کہ وہ وقفہ وقفہ سے بس اسٹیشنوں کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں۔1