بعض ووٹروں کو حق رائے دہی کی اہمیت معلوم نہیں:کووند

   

نئی دہلی ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج افسوس ظاہر کیا کہ بعض ووٹرس ایسے بھی ہیں جن کو اپنے حق رائے دہی کی اہمیت معلوم نہیں اور انہیں یاددہانی کرائی کہ بعض ملکوں میں عوام کو اس حق کیلئے بڑی جدوجہد کرنی پڑتی ہے ۔ قومی یوم رائے دہندگان کے موقع پر یہاں ایک ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے صدرنے کہا کہ ابتدائی نسل سے لیکر 17 ویں لوک سبھا کے چناؤ تک جو گزشتہ سال منعقد ہوئے ‘ ووٹروں نے دنیا بھر میں ہندوستانی جمہوریت کا وقار بڑھایا ہے ۔ 1950 ء میں الیکشن کمیشن کے قیام کی یاد میں آج کا دن قومی یوم رائے دہندگان کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ کووند نے نشاندہی کی کہ پرانی جمہوریتوں جیسے انگلینڈ میں تک خواتین کو 20 ویں صدی میں ووٹنگ کے مساوی حقوق حاصل نہیں تھے ‘ جس کے لئے وہ تین دہوں تک جدوجہد کرتے رہے ۔ ہندوستانی دستور کے معماروں نے یہ قیمتی حق تمام ہندوستانیوں کو کسی امتیاز کے بغیر دیا ہے ۔