بغیر منظوری کے چلائے جانے والے ہاسپٹلس اور ڈائیگناسٹک سنٹرس کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت

   


10 دن میں جامع تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ڈی ایم ایچ اوز کو ہدایت ، غیر مسلمہ ڈاکٹرس اور طبی عملہ پر نظر
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت ریاست میں بغیر منظوری کے چلائے جانے والے خانگی ہاسپٹلس اور ڈائیگناسٹک سنٹرس کے خلاف کارروائی کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے ۔ چند خانگی ہاسپٹلس ، نرسنگ ہومس ، کلینکس ، کنسلٹیشن رومس ، پالی کلینکس ، ڈائگناسٹک سنٹرس ، فزیوتھراپی یونٹس ، ڈینٹل ہاسپٹلس ایسے ہیں جو تلنگانہ کلینکل اسٹابلشمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر رجسٹریشن کے چلائے جارہے ہیں ۔ ناگہانی واقعات پیش آنے کے بعد وہ بغیر منظوری کے چلانے کا علم ہورہا ہے ۔ ایسے ہاسپٹلس اور عملہ کے خلاف حکومت کو بڑے پیمانے کی شکایتیں وصول ہورہی ہیں ۔ جس کے بعد بغیر منظوری کے چلائے جانے والے ہاسپٹلس کے خلاف کارروائی کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ یہی نہیں چند ہاسپٹلس نے قواعد کے مطابق بنیادی سہولتیں بھی فراہم نہیں کی ہے ۔ بالخصوص ( میڈیکل ایکیوپمـنٹ ) طبی آلات ، صاف صفائی ، ہاسپٹلس کے فضلہ کے معاملے میں قوانین پر عمل نہیں کررہے ہیں ۔ یہ تمام شکایتیں محکمہ صحت کو وصول ہورہی ہیں ۔ محکمہ صحت نے ریاست بھر میں بغیر اجازت چلائے جانے والے ہاسپٹلس اور تشخیصی مراکز کا بڑے پیمانے پر معائنہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں محکمہ صحت عامہ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے ریاست کے تمام ڈی ایم ایچ اوز کو ایک سرکلر جاری کیا ۔ ایسے ہاسپٹلس کا معائنہ کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا مشورہ دیا ۔ معائنہ کرنے والی ٹیموں میں ڈپٹی ڈی ایم ایچ اوز ، پروگرام آفیسرس کو حصہ بنانے کی ہدایت دی ہے ۔ 10 دن میں تمام ہاسپٹلس ڈائگناسٹک سنٹرس کا معائنہ کرتے ہوئے جامع رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ ساتھ ہی کلینکل اسٹابلشمنٹ قانون کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ہاسپٹلس ، ڈائیگناسٹک سنٹرس ، ڈاکٹرس ، طبی عملہ کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ۔ ریاست تلنگانہ کے صدر مقام حیدرآباد میں ہزاروں کی تعداد میں ہاسپٹلس ، کلینکس ، نرسنگ ہومس ہیں ۔ اس کے علاوہ 460 سے زائد خانگی ڈائگناسٹک سنٹرس ہیں ۔ اتنے بڑے شہر میں معائنہ کرنے کے لیے صرف 10 دن ناکافی ہونے کی شکایتیں وصول ہورہی ہیں ۔ چند دن قبل حیدرآباد کے اوپل علاقہ میں بغیر کسی مسلمہ حیثیت کے ایک ڈاکٹر نے خانگی ہاسپٹل قائم کیا ۔ وہاں زیر علاج ایک حاملہ خاتون کی موت کے بعد تحقیقات کے دوران یہ حیرت انگیز انکشافات ہوئے ہیں ۔۔ ن