بلدیہ کی آمدنی میں اضافہ کیلئے اقدامات

   

اسسمنٹ کے ساتھ ہی جائیداد ٹیکس کی ادائیگی کے لئے مالک مکان کو نوٹس

حیدرآباد ۔ 8اکٹوبر ( سیاست نیوز) بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے کمشنر لوکیش کمار نے بلدیہ کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور اس مناسبت سے ہر ایک تعمیر کئے جانے والے مکان سے ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تعمیر مکمل ہونے کے فوری بعد اسسمنٹ کے ساتھ ہی جائیداد ٹیکس کی ادائیگی کیلئے مالک مکان کو نوٹس جاری کردی جائے گی اور اس عمل کی تکمیل کیلئے بلدیہ کے شعبہ پلاننگ اور ریونیو آپس میں مربوط کیا جارہا ہے ۔ واضح ہو کہ بلدیہ کو ٹیکس ادائیگی کرنے والے مالکان عمارت کی تعداد 22لاکھ تک ہے مگر بلدیہ کے رجسٹرڈ میں صرف 15.43 لاکھ کا ہی اندراج ہے جبکہ مابقی مالکان عمارت ٹیکس ادا نہیں کررہے ہیں اور ٹیکس ادائیگی سے بچنے کیلئے بعض لوگ اسسمنٹ نہیں کروا رہے ہیں تو دوسری جانب مالکان عمارت سے بل کلکٹرس معمول کی اصولی کررہے ہیں ۔ اس طرح بل کلکٹرس و ٹیکس انسپکٹرس اپنے جیب بھرنے کیلئے اسسمنٹ نہیں کررہے ہیں ، یہاں تک کہ اسسمنٹ کی گئی اکثر عمارتوں سے انڈر اسیس کے ذریعہ ہونے والی آمدنی بھی بلدیہ کے خزانے تک نہیں پہنچ رہی ہے جبکہ ایک اور بڑی وجہ یہ ہیکہ بلدیہ کے دونوں شعبہ جات ٹاؤن پلاننگ اور ریونیومیں بھی آپسی تال میل نہیں ہے ۔ لہذا مذکورہ تمام حالات کے پیش نظر عمارت کی تعمیر مکمل ہوتے ہی مالک عمارت کو اسسمنٹ کے ساتھ ہی جائیداد ٹیکس ادائیگی کیلئے نوٹس جاری کردی جائے گی اور مذکورہ دونوں شعبوں کو مربوط کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں ایس آر ڈی پی اسکیم یا دیگر ترقیاتی پراجکٹوں کے تحت اپنی زمینات سے محروم ہونے والوں کو نقد معاوضہ کے بجائے چار گنا زیادہ بلڈپ ایریا میں کہیں بھی تعمیر عمارت کرنے کیلئے جاری کئے جانے والے ٹی ڈی آر دستاویزات کی تفصیلات بھی آن لائن دستیاب رکھی جائیں گی ۔ کیونکہ ٹی ڈی آرکے حقوق رکھنے والے اگرچہ کہ بلڈرس کو فروخت کرسکتے ہیں مگر ٹی ڈی آر کے حقوق کا دونوں فریقین کو علم نہیں رہتا ہے جس کی وجہ سے ٹی ڈی آر کی تفصیلات آن لائن میں ہر کسی کو دستیاب رہیں گی اور اس عمل کا آغاز وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر جاریہ ماہ کی 15 تاریخ کو کرنے والے ہیں ۔