حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر برائے افزائش مویشیاں ، سمکیات ، فروغ ڈیری اور سنیما ٹو گرافی جناب ٹی سرینواس یادو نے آج ایم ایل اے کوارٹرس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکم دسمبر کے بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس پارٹی بغیر کسی پارٹی اتحاد کے اپنے 150 امیدوار میدان میں اتارے گی اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان انتخابات میں پارٹی کے کم سے کم 104 امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے اور ٹی آر ایس کا مد مقابل حریف پارٹیوں کانگریس اور بی جے پی سے کوئی موازنہ نہیں ہے اور نہ ہی ان سے مقابلہ کا اندیشہ ہے کیوں کہ عوام ٹی آر ایس پارٹی کو ہی بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے گی ۔ جہاں تک سیلاب متاثرین کو 10 ہزار روپئے کی رقمی امداد کا تعلق ہے بی جے پی کی جانب سے الیکشن کمیشن سے شکایت کرنے پر اس امداد کو اچانک مسدود کردئیے جانے سے غریب اور مستحق افراد کے پیٹ پر لات مارنے کے مترادف ہے کیوں کہ شدید بارش سے متاثرہ افراد کو اس امداد سے کافی راحت مل رہی تھی جو یکلخت ختم کردی گئی جو افسوسناک بات ہے ۔۔