ٹی آر ایس کو 74فیصد ووٹ حاصل ، 248 کے منجملہ 181 حلقوں پر کامیابی
حیدرآباد : چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ نے ریاست کے 2کارپوریشنس اور میونسپلٹیز کے انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی پر عوام سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دو کارپوریشنس ورنگل اور کھمم کے علاوہ 5 میونسپلٹیز سدی پیٹ ، نکریکل ، اچم پیٹ ،جڑچرلہ ، کوتور کے انتخابات میں ٹی آر ایس نے 74 فیصد ووٹ حاصل کرتے ہوئے شاندار کامیابی درج کی ہے ۔ چیف منسٹر نے ٹی آر ایس پر اعتماد کا اظہار کرنے والے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل انتخابات میں جملہ 248 حلقوں پر ووٹنگ ہوئی جن میں سے ٹی آر ایس نے 181 حلقوں پر کامیابی حاصل کی ہے ، پھر ایک بار عوام نے واضح کردیا کہ ٹی آر ایس ان کی اپنی جماعت ہے ۔گذشتہ 7سال کے دوران ٹی آر ایس حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے ریاست کو ویلفیر اسٹیٹ میں تبدیل کردیا ہے ۔ انہوں نے ریاست کے عوام بالخصوص 7 بلدیات کے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا ہے اور کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے معاملے میں اپنے عہد کی پابند ہے ۔ چیف منسٹر نے منی میونسپل انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے انتخابی مہم چلانے والے وزراء ، ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور پارٹی کارکنوں سے بھی اظہار تشکر کیا ۔