بمراہ کو 6 مقامات کی ترقی، کوہلی کو 4 مقامات کا نقصان

   

دبئی۔ ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ جنہوں نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹسٹ کے دوران گھریلو میدان پر پہلی بار پانچ وکٹیں حاصل کیں اس کی بدولت آئی سی سی کی جاری کردہ ٹسٹ درجہ بندی میں بولروں کی فہرست میں چھ مقام آگے بڑھ کر چوتھے مقام پر پہنچ گئے لیکن بڑی اننگز کھیلنے کے لیے جدوجہد کرنے والے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی بیٹنگ درجہ بندی میں نویں نمبر پر کھسک گئے۔ بمراہ نے سری لنکا کے خلاف بنگلور میں دوسرے ڈے نائٹ ٹسٹ میں آٹھ وکٹ لیے۔ اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل کرنے میں ناکام رہنے کے بعد سابق کپتان کوہلی چار مقامات کے نقصان سے نویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ وکٹ کیپر رشبھ پنت 10ویں نمبر پر ہیں۔ کوہلی نے موہالی میں پہلے ٹسٹ میں 45 رنز بنائے لیکن دوسرے ٹسٹ میں وہ صرف 23 اور 13 رنز ہی بنا سکے۔ نومبر 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف 136 رنزکی اننگز کے بعد سے وہ سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ بیٹنگ فہرست میں ہندوستان کپتان روہت شرما بدستور چھٹے نمبر پر ہیں وہ جاری کردہ تازہ ترین ہندوستاننیوں میں سرفہرست ہیں۔ بنگلورو میں 92 اور67 کی اننگز کھیلنے والے شریاس ایر40 درجے کی چھلانگ لگا کر 37 ویں نمبر پر ہیں۔ بنگلورو میں ہندوستان کے خلاف دوسری اننگز میں107 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونارتنے کیریئر کی بہترین مقام تیسرے نمبر پر آگئے ہیں ۔ ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر ایک بار پھر ہندوستان کے رویندرا جڈیجہ کو پیچھے چھوڑکر دنیا کے نمبر ایک ٹسٹ آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔ موہالی میں پہلے ٹسٹ میں ناقابل شکست 175 رنز بنانے کے علاوہ، جڈیجہ گزشتہ ہفتے نو وکٹوں کے ساتھ نمبر ایک ٹسٹ آل راؤنڈر بن گئے۔ روی چندرن اشون، شکیب الحسن اور بین اسٹوکس آل راؤنڈرز کی فہرست میں ابتدائی 5 مقامات میں شامل ہیں۔ بولروں کی درجہ بندی میں محمد سمیع ایک مقام کے فائدہ سے 17ویں نمبر پر ہیں۔ جڈیجہ ایک مقام پھسل کر 18ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ٹسٹ درجہ بندی میں ٹاپ تین بولرز پیٹ کمنز، اشون اور کاگیسو ربادا نے اپنی پچھلی فہرست کو برقرار رکھا ہے۔