بندوق سے عوام کو خوف و ہراس کرنے والا شخص گرفتار

   

حالت نشہ میں ماموں اور بھانجہ کی حرکت سے سنسنی ،پولیس مادھاپور کی کارروائی
حیدرآباد ۔10 جون (سیاست نیوز) مستان نگر میں بندوق کے ذریعہ خوف و ہراس پیدا کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ نشہ میں دھت ماموں بھانجے کی حرکت سے سنسنی پیدا ہوگئی تھی۔ کھلے عام ہاتھ میں بندوق تھامے مقامی عوام کو بے خوف دھمکانے کے مناظر سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔ یہ واقعہ جہاں شہریوں میں ایک طرف خوف و ہراسانی کا سبب بن رہا ہے، وہیں دوسری طرف پولیس حلقوں میں بھی تشویش پیدا ہوگئی ہے اور پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کرتے ہوئے خاطی شخص کو گرفتار کرلیا۔ پولیس مادھاپور کے مطابق 25 سالہ چیتنیہ رام دورا، اس کے ماموں 35 سالہ وینکٹ کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق کل رات چیتنہ رام ایم ایل اے کالونی آیا تھا اور وہ نشہ کی حالت میں تھا۔ ساتھی بلڈر کی گاڑی میں سوار اس شخص نے ماموں کو ساتھ لے لیا اور نشہ کی حالت میں راستہ بھٹک گئے۔ ان کی گاڑی مستان نگر پہونچی اور اس علاقہ میں انہوں نے چند گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ اس حرکت کو دیکھ کر مقامی عوام نے انہیں روک لیا اور وضاحت کی کہ عوام کی بھیڑ کو دیکھ کر اس نے بندوق نکالی جس کے بعد اپنے گھروں میں چلے گئے۔ بندوق پولیس کی تحقیقات میں نقلی اور کھلونا ثابت ہوئی۔ چیتنہ رام گزشتہ 2 سال سے شارٹ فلمس تیار کرتا تھا جو کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کالونی میں رہتا تھا۔ پولیس مادھا پور نے دونوں کو گرفتار کرلیا ہے۔