بنڈی سنجے کا تلنگانہ میں چلنا پھرنا دشوار کردیا جائیگا

   

بی آر ایس ارکان اسمبلی کی دھمکی، کویتا کے خلاف ریمارکس پر غیرمشروط معذرت خواہی کا مطالبہ

حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے سے مطالبہ کیا کہ کویتا کے خلاف کئے گئے ریمارکس پر معذرت خواہی کریں ورنہ تلنگانہ میں جگہ جگہ ان کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ ارکان مقننہ کے چندر، سیدی ریڈی اور سی ایچ لنگیا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی پوچھ تاچھ کا سامنا کرنے والی بی آر ایس رکن کونسل کویتا کے خلاف توہین آمیز ریمارکس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے بنیادی اخلاقی اقدار سے عاری ہیں۔ انہیں خواتین کے بارے میں اظہار خیال تمیز نہیں ہے اور جاہلانہ انداز میں بیان بازی کے ذریعہ خواتین کی توہین کررہے ہیں۔ بنڈی سنجے کو اپنے ریمارکس واپس لیتے ہوئے معذرت خواہی کرنی چاہیئے۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی تحقیقات کے بارے میں بی جے پی قائدین کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ تحقیقاتی ایجنسیاں بی جے پی کے اشارہ پر کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے نے تلنگانہ کی خواتین کی توہین کی ہے، انہیں غیر مشروط طور پر معذرت خواہی کرنی چاہیئے ورنہ خواتین انہیں معاف نہیں کریں گے۔ سی ایچ لنگیا نے کہا کہ بنڈی سنجے کے خلاف وہ اپنے ریمارکس اسی وقت واپس لیں گے جب سنجے غیر مشروط معذرت خواہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے اور ڈی اروند کو عوام تلنگانہ میں چلنے پھرنے نہیں دیں گے۔ر