بنگلور کی مسجد تمام مذاہب کے عوام کیلئے کھول دی گئی

,

   

اسلام کی تعلیمات سے واقف کروانے 170 سال قدیم مسجد میں غیرمعمولی کوشش
بنگلور ۔ /19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلور کی 170 سالہ قدیم مسجد کو غیرمعمولی قدم اٹھاتے ہوئے دیگر مذاہب کے عوام کیلئے کھول دی گئی ۔ اسلامی تعلیمات سے واقف کروانے اور اسلام کے بارے میں غیرمسلموں میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے مسجد میں ہندوؤں ، عیسائیوں اور سکھ طبقہ کے افراد کو دعوت دی گئی ۔ اس شاندار مسجد کے دروازے غیرمسلموں کیلئے کھول دیئے گئے ۔ اتوار کے دن تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے عام افراد جوق در جوق مسجد میں داخل ہوئے ۔ بین مذاہب مذاکرات کو فروغ دینے کیلئے غیرمسلموں کو اسلام کی تعلیمات سے واقف کروانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس پروگرام کا نام “Visit My Mosque Day” دیا گیا تھا ۔ اگرچکہ منتظمین نے صرف 170 غیرمسلموں کو مسجد میں آنے کی دعوت دی تھی لیکن بعد نماز ظہر 400 سے زائد افراد مسجد میں داخل ہوئے ۔ مسجد آنے والے افراد کا تعلق تمام شعبہ حیات سے تھا ۔ ان میں پروفیشنلس ، ٹریڈرس ، طلباء ، مصنفین ، گھریلو خواتین اور وظیفہ یاب افراد بھی شامل تھے ۔ منتظمین نے ان تمام افراد کو سختی سے پابند کردیا تھا کہ وہ مسجد میں آنے کے بعد سیاسی گفتگو نہیں کریں گے اور نہ ہی شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی پر بات چیت کریں گے ۔ منتظمین نے غیرمسلموں کو اسلام کے بارے میں واقف کروایا اور اسلام سے متعلق ان کی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ۔ رحمت گروپ کے نمائندوں کے مطابق مسجد میں غیرمسلموں کو دعوت دینے کا یہ اقدام ملک میں جاریہ سیاسی تنازعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ یہ کوشش خالص غیرسیاسی تھی ۔ ہم چاہتے ہیں کہ غیرمسلم بھی اسلام سے واقف ہوجائیں اور مساجد کے کلچر کو سمجھیں ۔ کئی افراد کو یہ نہیں معلوم کو مساجد کس طرح کام کرتی ہیں ۔