بنگلہ دیش :لاک ڈاؤن سے نالاں لوگوں کا مظاہرہ، پولیس کی فائرنگ سے 3افراد زخمی

   

ڈھاکہ: دنیا بھر میں کورونا وائرس کی لہر پھر پھیل رہی ہے جس کے سبب بہت سے ممالک لاک ڈاؤن اور پابندیاں نافذ کررہے ہیں ۔اسی تناظر میں بنگلہ دیش میں کورونا پابندیوں کے عمل درآمد پر پولیس کے خلاف پرتشدد مظاہرے ہوئے ہیں۔بنگلہ دیش کے ضلع فرید پور میں پولیس کے تشدد سے ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع پر لوگوں نے تھانے پر حملہ کردیا جس کے بعد مشتعل افراد نے ایک مکان اور 2 گاڑیوں کو آگ کے حوالے کردیا۔پرتشدد مظاہروں کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 3 افراد زخمی بھی ہوئے ۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے کے باعث حکومت نے گزشتہ روز سے ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے ۔بنگلہ دیش میں جان لیوا عالمی وبا کورونا وائرس سے 9155 ہلاکتیں جبکہ 6 لاکھ 24 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔