بنگلہ دیش میں سیلاب سے درجنوں افراد ہلاک

,

   

ڈھاکہ : بنگلہ دیش میں شدید بارشوں کے نتیجے میں بننے والے سیلاب سے کم از کم 57 افراد ہلاک اور لاکھوں شدید متاثر ہوئے ہیں۔ بنگلہ دیش کے شمال مشرقی حصے میں لگ بھگ 2 دہائیوں کے بدترین سیلاب کے نتیجے میں 20 لاکھ افراد کو اپنے گھروں کو چھوڑنا پڑا ہے۔بنگلہ دیش کے علاقے ذکی گنج کے کم از کم 100 دیہات سیلابی پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ذکی گنج میں لوگوں کو سیلابی پانی میں ڈوبی شاہراؤں پر مچھلی پکڑتے ہوئے بھی دیکھا گیا جبکہ کچھ افراد نے اپنے مویشی فلڈ شیلٹرز میں منتقل کیے۔اسی طرح بنگلہ دیش کے شمال مشرقی حصے کے سب سے بڑے سہلٹ شہر میں بھی سیلابی پانی متعدد حصوں میں داخل ہوگیا اور وہاں 50 ہزار خاندان کئی دن سے بجلی سے محروم ہیں۔بنگلہ دیش کے خطے سہلٹ کے اہم انتظامی عہدیدار مشرف حسین نے بتایا کہ سیلاب کے باعث اب تک 20 لاکھ کے قریب افراد بے گھر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ بارشوں کے ساتھ ساتھ آسام کے راستے داخل ہونے والا پانی ہے اور پشتے میں شگاف کو اسی وقت بھرا جاسکے گا جب پانی کی سطح کم ہوگی۔ سیلاب اور دیگر موسمیاتی واقعات کے باعث ہزاروں ایکڑ پر پھیلی فصلیں اور لاکھوں پھلوں کے درختوں کو نقصان پہنچا۔