ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے شیخ حسینہ واجد کو وطن واپس آنے کی پیشکش کر دی ہے ۔ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے ملک بدر کیے جانے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے انھیں وطن واپس آنے کی پیشکش کر دی۔بنگلہ دیش کی وزارت داخلہ امور کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل (ریٹائرڈ) محمد سخاوت حسین نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ واجد کو ملک چھوڑنے کے لیے جبراً مجبور کیے جانے کا تاثر بے بنیاد ہے۔ جنرل سخاوت حسین نے مزید کہا کہ حسینہ واجد اپنی مرضی سے ملک چھوڑ کر گئیں، ان پر کسی قسم کا جبر نہیں تھا، لیکن ہم واپس آنے کی دعوت دیتے ہیں، وہ آئیں اور نئے چہروں کے ساتھ پارٹی کو دوبارہ منظم کریں۔انھوں نے کہا کہ شیخ حسینہ واجد ملک میں واپس آئیں لیکن کوئی ہنگامہ برپا نہ کریں، جماعت اسلامی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت پر ہم پابندی نہیں چاہتے ۔ادھر بنگلہ دیش کی نئی عبوری حکومت کے خارجہ امور کے مشیر محمد توحید حسین نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر بنگلہ دیش کے قانون کی ضرورت ہوئی تو ڈھاکہ نئی دہلی سے شیخ حسینہ کی ہندوستان سے واپسی کو یقینی بنانے کے لیے کہے گا۔