بودھن میں سیاسی جنگ پر افراتفری

   

بودھن ۔ 8ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ ریاستی اسمبلی میں برسراقتدار کانگریس اور آپوزیشن پارٹی بی آر ایس کے درمیان جاری سیاسی جنگ کا اثر یہاں بودھن میں بھی نظر آ رہا ہے ،آج بی آر ایس اور کانگریس پارٹی کی جانب سے اپنی پارٹی اور پارٹی قائدین کی تائید میں امبیڈکر چوراہا بودھن پراحتجاجی دھرنا منظم کیا گیا۔ برسراقتدار اور حسب مخالف سیاسی جماعت بی آر ایس کے قائدین و سرگرم کارکنوں کی کثیر تعداد ایک ہی وقت امبیڈکر چوراہا پر جمع ہوگئے اور بر سر عام سڑک پر ایک دوسرے کے سامنے بیٹھ کر اپنی پارٹی کے حق میں نعرے اور ایک دوسرے کے خلاف الزامات عائد کرتے ہوئے نعرے بلند کئے۔ بی آر ایس پارٹی کے ایک کارکن کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی تصویر لہراتے ہوئے کانگریس پارٹی کے خلاف نعرے بلند کرنے کی کوشش کی گئی اس حرکت پر برہم صدر ٹاؤن یوتھ کانگرس بودھن نوین نے آگے بڑھ کرچیف منسٹر کی تصویر چھیننے کی کوشش کی ، اس دوران افراتفری مچ گئی ۔ کانگریس اور بی آر ایس پارٹی قائدین و کارکنان آپس میں ایک دوسرے کودھکا دیتے ہوئے دیکھے گئے ۔ پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے دونوں پارٹی کے قائدین و کارکنوں کو ایک دوسرے سے علاحدہ کردیا بعد ازاں کانگریس اور بی آر ایس قائدین نے علحدہ، علحدہ میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف پر امن احتجاج کو تشدد میں تبدیل کر نے کے الزامات عائد کئے۔