بورس جانسن کے یہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع

   

لندن: وزارت عظمیٰ کے عہدے پر براجمان رہتے ہوئے گزشتہ برس اپریل میں والد بننے والے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ہاں جلد دوسرے بچے کی پیدائش بھی متوقع ہے ۔بورس جانسن کو پہلے ہی دو خواتین سے5بچے ہیں اور ان کے یہاں وزارت عظمیٰ کے عہدے کے دوران دوسرے بچے کی پیدائش کے بعد وہ پہلے برطانوی وزیر اعظم ہوں گے جن کے ہاں مسلسل دو سال میں بچے ہوں گے۔ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بورس جانسن کی اہلیہ 34 سالہ کیری جانسن نے انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ وہ حمل سے ہیں اور جلد ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ برطانوی وزیر اعظم کی اہلیہ نے تصدیق کی کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش رواں برس دسمبر میں متوقع ہے اور ممکنہ طور پر وہ کرسمس کے دن والدہ بنیں گی۔