بوریوی طوفان : آج ساحل سے ٹکرانے کا امکان

,

   

ٹاملناڈو اور کیرلا میں الرٹ جاری ، ناگہانی صورتحال سے نمٹنے اقدامات

چینائی : گردابی طوفان ’نیوار‘ کے بعد ایک اور طوفان جنوبی ہند کے ساحلوں کی طرف پیش قدمی کر رہا ہے۔ ’بوریوی‘ نامی اس گردابی طوفان کے کیرلا کے ساحل سے ہو کر گزرنے کا امکان ہے۔ اس طوفان سے کیرلا کے 7 اضلاع کے شدید طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ کیرلا کی دارالحکومت ترواننت پورم کے علاوہ کولم، پٹھان متھیٹا، کوٹایم، الاپوجا، اکوڈی اور ایرناکولم ضلع میں طوفان کی وجہ سے تباہی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے چہارشنبہ کو ٹاملناڈو اور کیرلا کے وزرا اعلیٰ سے تبادلہ خیال کیا اور گردابی طوفان بوریوی کی وجہ سے خطہ میں پیدا ہو رہے حالات پر بات چیت کی۔ وزیر اعظم مودی نے ٹاملناڈو کے وزیر اعلیٰ کے پلانی سوامی اور کیرلا کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین سے بات چیت کے بعد ٹوئٹ کیا اور کہا، ’’ہم نے ریاست کے کئی علاقوں میں گردابی طوفان بوریوی کے سبب پیدا شدہ حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ مرکزی حکومت ٹاملناڈو کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ ’’میں متاثرہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی حفاظت کی تمنا کرتا ہوں۔‘‘کیرلا کے وزیر اعلیٰ سے بات چیت پر انہوں نے کہا، کہ گردابی طوفان بوریوی کے سبب پیدا ہو رہے حالات میں مرکزکی طرف سے ہر ممکن مدد دی جائے گی۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے ایک بلیٹن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکا کے ترنکومالی پہنچنے کے بعد بوریوی کے آج خلیجِ منار اور ٹاملناڈو میں کنیا کماری کی جانب پیش قدمی کرنے کا امکان ہے۔ محکمہ نے بتایا کہ اس کے بعد یہ طوفان مشرق ۔ جنوب مشرق کی جانب پیش قدمی کرے گا اور 4دسمبر کی صبح کنیا کماری اور پامبن کے درمیان جنوبی ٹاملناڈو کے ساحل کو عبور کرے گا۔ حکام نے حالات سے نمٹنے کیلئے 2000 سے زائد راحتی کیمپ قائم کیے ہیں اور 5 دسمبر تک ساحل پر مچھلی پکڑنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔