بچوں کی لڑائی سے فسادپھوٹ پڑا

   

نئی دہلی۔ 22 جولائی(ایجنسیز) ہریانہ کے یمونا نگر ضلع میں بچوں کے درمیان کرکٹ کھیلتے ہوئے ہونے والا معمولی جھگڑا اس قدر سنگین ہو گیا کہ پورے گاؤں میں افرا تفری مچ گئی۔ ایک چھوٹا سا تنازعہ دو گروپوں کے درمیان شدید تصادم کا باعث بن گیا، جس میں لاٹھیوں، ڈنڈوں اور پتھراؤ کا آزادانہ استعمال دیکھنے میں آیا۔ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں دونوں فریقین کو ایک دوسرے پر حملہ کرتے ہوئے دکھایا گیاہے۔ اطلاعات کے مطابق اس جھگڑے میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار سے پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔معاملہ صرف جسمانی جھگڑے تک محدود نہیں رہا۔ ایک فریق نے دوسرے پر بچے کو اغوا کرنے کا الزام لگایا ہے، جبکہ جواباً دوسرے گروپ نے خواتین کے ساتھ بدتمیزی کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، ایک دن پہلے دونوں گروپوں کے درمیان ’’تم‘‘ کہنے پر بحث شروع ہوئی تھی، جو اگلے دن پرتشدد تصادم میں بدل گئی۔علاقہ میں حالات کشیدہ ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے۔