بچہ کی پیدائش اور باپ کی موت کا افسوسناک واقعہ

   

خوشی سے دواخانہ آرہا باپ سڑک حادثہ میں ہلاک
حیدرآباد ۔ 21 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کے ایک دواخانے میں بچہ کی پیدائش اور باپ کی موت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ بچہ کی پیدائش کی خوشی میں ہاسپٹل پہنچنے والے رشتہ داروں کو بچہ کی پیدائش کی خوشی کے علاوہ اس کے باپ کی نعش کو دیکھنے کے تجربہ کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ لڑکی کو جنم دینے والی خاتون شوہر کی موت سے مجسم غم بنی ہوئی ہے۔ ضلع پالناڈو کے نرساراؤ پیٹ میں یہ واقعہ پیش آیا۔ یہ واقعہ ضلع میں سنسنی کا سبب بن گیا۔ رشتہ دار خوشی اور غم کے میل میں سکتہ کا شکار ہوگئے۔ بتایا جاتا ہیکہ 40 سالہ آنند کی بیوی نے نرساراؤ پیٹ کے ایک ہاسپٹل میں لڑکی کو جنم دیا اور لڑکی کی پیدائش کی اطلاع پر اس کا والد آنند خوشی سے جھوم اٹھا اور اپنی موٹر سیکل لیکر فوری ہاسپٹل کیلئے روانہ ہوگیا۔ آنند اپنے نام کی تاثیر کے مطابق خوشی میں چور تھا، جو پیش آنے والے حادثہ سے بے خبر ہاسپٹل کی جانب تیزی سے جارہا تھا۔ راستہ میں آنند کی موٹر سیکل نے توازن کھودیا اور گڑھے میں گر کر آنند شدید زخمی ہوگیا۔ اتفاق سے آنند کو اسی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ اپنی نومولود بچی کو دیکھنے جارہا تھا لیکن آنند شدید زخمی حالت میں پہنچایا گیا، جو فوت ہوگیا۔ پولیس نے آنند کی نعش کو ایسی ہاسپٹل میں رکھا جہاں چند گھنٹے قبل اس کی بیٹی نے جنم لیا تھا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع