بڑی خبر:پاکستان میں کھیلنے کیلئے جائے گی ہندوستانی ٹیم ، جانیں کب ہوگا یہ دورہ

,

   

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ کھیل تعلقات طویل عرصے سے منقطع ہیں لیکن ہندوستانی ڈیوس کپ ٹیم اس سال ستمبر میں ڈیوس کپ مقابلے کے لئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ گزشتہ 55 برسوں میں یہ پہلا موقع ہوگا جب ہندستانی ڈیوس کپ ٹیم پاکستان میں کھیلے گی۔

آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے سکریٹری ہرنمے چٹرجی نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی دو طرفہ سیریز نہیں ہے ، یہ ٹینس ورلڈ کپ ہے اور ٹیم کو اس میں حصہ لینا ہوگا۔ اس معاملے میں حکومت سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے ، کیونکہ عالمی مقابلے ہونے کی وجہ سے ہم بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے چارٹر پر عمل کرنے کے لئے پابند ہیں۔

چٹرجی نے بتایا کہ چھ کھلاڑیوں کی ٹیم، اسپورٹ عملے اور ایک کوچ پاکستان جائیں گے۔ اس دورے کے لئے ابھی ٹیم کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ ہندستان کے ٹاپ ڈبلز کھلاڑی روہن بوپنا نے حال ہی میں کہا تھا کہ مجھے اس مقابلے کا انتظار ہے۔ میں نے پاکستان کے کھلاڑی اعصام الحق قریشی کے ساتھ بات چیت کی تھی اور انہوں نے کہا تھا کہ فکر کرنے جیسی کوئی بات نہیں ہے۔ میں پاکستان میں ان کے ساتھ مقابلہ کھیلنے کو تیار ہوں۔

قابل ذکر ہے کہ قریشی ڈبلز مقابلوں میں طویل عرصے تک بوپنا کے جوڑی دار رہے تھے اور اس جوڑی کو انڈو پاک ایکسپریس کہا جاتا تھا۔ ہندستان اور پاکستان کے درمیان ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا زون کے گروپ ایک میچ اسلام آباد کے پاکستان اسپورٹس كمپلیكس میں گراس کورٹ پر کھیلا جائے گا۔ اس سال ستمبر کے مقابلے کا فاتح عالمی گروپ كوالیفائرس میں پہنچے گا۔