ماؤسٹ اور مسلمان ریمارک کی مذمت، مسلمان ملک میں برابر کے حصہ دار، بی جے پی کی نفرت پر مبنی پالیسی
حیدرآباد ۔11۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کی جو پیشکش کی ہے، وہ خیرمقدم کرتے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ وزیراعظم نے مختلف ترقیاتی کاموں کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ تلنگانہ کی ترقی کیلئے آپ مجھ سے جڑ جایئے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وزیراعظم کے اس بیان میں کوئی سیاست نہیں ہے۔ اس بیان کو سیاست سے بالاتر ہوکر دیکھا جانا چاہئے۔ وزیراعظم نے واضح کردیا کہ ریاستوں کی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ترقی و فلاح و بہبود کے معاملہ میں مرکز کے ساتھ مل کر کام کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ وکست بھارت کی طرح تلنگانہ حکومت نے ویژن 2047 طئے کیا ہے جس کے تحت تین ٹریلین ڈالر کی معیشت کا منصوبہ ہے ۔ اس نشانہ کی تکمیل کے لئے مجھے مرکزی حکومت کے ساتھ کام کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ وفاقی نظام نے مرکز اور ریاستوں کو مشترکہ طور پر کام کرنے ضرورت ہے۔ ریونت ریڈی نے واضح کیا کہ اگرچہ ان کی پارٹی اور نظریات علحدہ ہیں لیکن ریاست کی گرقی کیلئے وہ مرکز کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے شکایت کی کہ وزیراعظم اور مرکزی وزراء سے بارہا نمائندگی کے باوجود توقع کے مطابق تعاون حاصل نہیں ہے۔ میں وزیراعظم سے خواہش مکی کہ دو گھنٹے کا وفد دیا جائے تو وہ تلنگانہ کی تریقی کے منصوبے کی تفصیلات پیش کریں ۔ پریڈ گراؤنڈ کے جلسہ عام میں کانگریس پارٹی کو مسلم اور ماؤسٹ قرار دینے پر تنقید کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم کا یہ بیان افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے ماؤسٹوں کے ہتھیار ڈالنے کے معاملہ میں مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کے ذریعہ مسائل کا حل تلاش نہیں کیا جاسکتا اور کانگریس پارٹی کو انسانی جانوں کی قیمت اچھی طرح معلوم ہے۔چیف منسٹر نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹیوں نے جن مسائل پر جدوجہد کی ، ان مسائل پر حکومت نے قانون سازی کی ہے۔ مسائل میں کمی کے باعث ہم نے ماؤسٹوں کو اس بات پر قائل کیا کہ بلٹ کے بجائے بیالٹ کے ذریعہ جدوجہد بہتر ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ماؤسٹ اور مسلمان دونوں ملک میں برابر کے شریک ہیں۔ مسلمانوں کو ملک سے علحدہ کرنے کی کوششیں افسوسناک ہے۔وزیراعظم کو چاہئے کہ وہ مسلمانوں کو بھی ہندوستان کے حصہ کے طور پر دیکھیں لیکن وہ مسلمانوں کو ملک سے علحدہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ بی جے پی کی یہی پالیسی ہے۔ کانگریس دور حکومت میں بی جے پی کے استحکام پر ہم نے کبھی نہیں کہا کہ بی جے پی ملک کیلئے نقصاندہ ہے لیکن افسوس کہ وزیراعظم کانگریس پارٹی کو ملک کیلئے نقصاندہ قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے وزیراعظم نریندر مودی عوام کو مفت مشورے دے رہے ہیں۔ راہول گاندھی نے 6 ماہ قبل ہی خطرہ کے بارے میں آگاہ کردیا تھا۔ 1/k