بڑے ایونٹس کیلئے کھلاڑیوں کا تازہ دم رکھنا اہم :ڈراویڈ

   

جے پور۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈراویڈکا ماننا ہے کہ کام کا بوجھ منیجمنٹ کرکٹ کا ایک اہم پہلو ہے، ایک چیلنج جسے وہ محسوس کرتے ہیں کہ ہر کرکٹنگ قوم اسے تسلیم کررہی ہے۔ انہوں نے بڑے ٹورنمنٹس سے قبل کھلاڑیوں کو فٹ اور تازہ دم رکھنے کے لئے کام کے بوجھ کے انتظام پر زوردیا۔ ڈراویڈ کا بطور ہیڈ کوچ پہلا امتحان نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز ہے۔ڈراویڈنے مزید کہا ہے کہ ورک لوڈ مینجمنٹ کرکٹ کا ایک اہم پہلو ہے، ہم جتنی کرکٹ کھیل رہے ہیں اس کے پیش نظر آرام کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ فٹ بال میں بھی جب بڑے کھلاڑی طویل سیزن میں ہرمیچ نہیں کھیلتے۔ اگر ہم سارا سال کھیلتے ہیں تو صد فیصد کارکردگی کی توقع بے فیض ہوگی۔ چاہے کھلاڑی ٹیم کے اندر ہو یا نہ ہوں انہیں وقفہ دے کر تازہ دم رکھا جاسکتا ہے۔ کھلاڑیوں کی ذہنی اور جسمانی تندرستی ایک بڑی ترجیح ہوگی۔ہمیں ایسے وقت میں توازن برقرار رکھنے کی ضرورت ہے اور ہر کسی کو فٹ ہونے اور بڑے ٹورنمنٹس کے لیے تیار کرنے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ صرف ہم ہی نہیں ہر ٹیم ایسا کر رہے ہیں۔ اگر آپ کین ولیمسن کو دیکھیں، جو یہ ٹی20 سیریز نہیں کھیل رہے ہیں، تو ہر ملک ان چیزوں کی اہمیت کو تسلیم کر رہا ہے۔کام کے بوجھ کو سنبھالنے کے علاوہ ڈراویڈ نے کرکٹرز کی ذہنی اور جسمانی صحت پر توجہ دینے کا ذکر کرتے ہوئے اصرار کیا کہ مختلف فارمیٹس کے لیے الگ الگ ٹیمیں کھیلنا منصوبہ نہیں ہے۔ہم مختلف فارمیٹس کے لیے الگ الگ ٹیموں کو دیکھنے کے اس مقام پر نہیں ہیں۔ یقیناً ایسے لوگ ہیں جو صرف مخصوص فارمیٹ کھیلتے ہیں۔ میرے لیے اس وقت کھلاڑیوں کی ذہنی اور جسمانی صحت سب سے اہم ہے۔ میں ان کے ساتھ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرنا چاہوں گا کہ جب بھی وہ کھیل رہے ہوں، ہمارے پاس وہ تازہ دم ہوں اور پوری طرح سے فٹ ہوں۔ میرے خیال میں تینوں فارمیٹس انتہائی اہم ہیں۔ ہمارے لییتینوں فارمیٹس میں سے کسی کے لیے جس طرح سے ہم تیاری یا منصوبہ بندی کرتے ہیں، اس میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ اگلے دو سالوں میں آئی سی سی کے دو یا تین ایونٹس ہیں۔