بکسر جیل کے لیے پھانسی کی رسی کی تیاری

,

   

صدر جمہوریہ نے نربھیا مقدمہ کے مجرمین کی درخواست رحم کو مسترد کردیا
حیدرآباد۔9ڈسمبر(سیاست نیوز) بکسر جیل میں 10پھانسی کے پھندے تیار کئے جانے لگے ہیں اور بکسر جیل جہاں پھانسی دینے کیلئے رسی تیار کی جاتی ہے اس جیل کو پھانسی کے پھندے تیار کرنے کی ہدایات وصول ہونے کے بعد کہا جا رہاہے کہ اب کسی کو پھانسی دینے کی تیاری کی جانے لگی ہے اسی دوران یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ نربھیا واقعہ کے مجرموں کی درخواست رحم صدر جمہوریہ نے مسترد کردی ہے اور ان مجرمین کو 16 ڈسمبر کی علی الصبح پھانسی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ بکسر جیل کو 3سال کے بعد اس رسی کی تیاری کا آرڈر موصول ہوا ہے جو کہ جلاد کے حوالہ کی جائے گی اور جلاد اس رسی سے پھانسی کا پھندا تیار کرتے ہوئے مجرموں کو پھانسی دے گا۔بکسر جیل میں اس سے قبل اجمل قصاب کیلئے پھانسی کا پھندا تیار کیا گیا تھا اور اس سے قبل افضل گرو کے لئے بھی پھانسی کا پھندا اسی جیل میں تیار کیا گیا تھا اور افضل گرو کوجس پھندے سے پھانسی دی گئی تھی وہ 1700 روپئے میں جیل انتظامیہ نے فروخت کیا تھا۔پھانسی کیلئے تیار کی جانے والی رسی کے متعلق بتایاجاتا ہے کہ اس رسی کی تیاری خصوصی طور پر کی جاتی ہے کیونکہ پھانسی کے دوران رسی کی مضبوطی کے علاوہ دیگر امور کا بھی خصوصی خیال رکھنا ہوتا ہے جس کے سبب یہ کام صرف بکسر جیل میں انجام دیا جاتا ہے جہاں فی الحال 10 پھانسی کے پھندے تیار کئے جا رہے ہیں۔جیل کے عہدیداروں کا کہناہے کہ بکسر جیل میں پھانسی کے پھندے کے لئے استعمال کی جانے والی رسی کی تیاری زمانہ قدیم سے کی جاتی ہے اور ملک میں کسی بھی جیل میں پھانسی کی سزاء دینی ہوتی ہے تو رسی کیلئے آرڈر بکسر جیل کو ہی موصول ہوتا ہے۔