کانگریس قائدین نے چادر گل پیش کی، اقلیتوں سے ناانصافی پر چارج شیٹ : شیخ عبداللہ سہیل
حیدرآباد۔30۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کی کامیابی پر کانگریس قائدین نے درگاہ یوسفینؒ نامپلی میں خصوصی چادر پیش کرتے ہوئے دعا کا اہتمام کیا۔ ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو ، پردیش کانگریس مینارٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل ، صدر خیریت آباد ضلع کانگریس کمیٹی ڈاکٹر روہن ریڈی نے دیگر قائدین کے ہمراہ بارگاہِ یوسفینؒ میں خصوصی چادر پیش کئے۔ اس موقع پر ملک میں امن و امان ، بھائی چارہ اور تلنگانہ میں عوام کی بھلائی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ راہول گاندھی کی 3500 کیلو میٹر طویل بھارت جوڑو یاترا کامیابی کے ساتھ کشمیر میں اختتام کو پہنچی۔ یاترا کا مقصد ملک سے نفرت کا خاتمہ اور بھائی چارہ کو فروغ دینا ہے ۔ یاترا کو عوام کی غیر معمولی تائید حاصل ہوئی ہے۔ راہول گاندھی نے اہم مقصد کے تحت طویل پد یاترا کی ہے ۔ بھارت جوڑو یاترا ملک کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ بعض طاقتیں ملک کو مذہب اور ذات پات کے نام پر تقسیم کرنا چاہتی ہیں۔ کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ راہول گاندھی نے عوام کو امن اور بھائی چارہ کا پیام دیا۔ کانگریس پارٹی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے ذریعہ راہول گاندھی کے پیام کو عوام تک پہنچائے گی۔ تلنگانہ میں اس مہم کے تحت گھر گھر راہول گاندھی کا پیام پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے خلاف چارج شیٹ جاری کیا ہے ۔ مینارٹیز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 2014 ء سے آج تک مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی اقلیتوں سے ناانصافیوں پر علحدہ چارج شیٹ جاری کیا جائے گا۔ر