چیف منسٹر نے سڑک کے راستے اور ہیلی کاپٹر سے نقصانات کا جائزہ لیا، متاثرین سے ملاقات اورریلیف کیمپ کا دورہ، 29 جولائی تک چوکسی کی ہدایت
حیدرآباد۔/17 جولائی ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گوداوری میں سیلاب سے متاثرہ بھدرا چلم ٹاون کو سیلاب سے مستقل طور پر بچانے 1000 کروڑ روپئے کی لاگت سے رہائشی کالونیوں کی تعمیر کا اعلان کیا۔ متحدہ کھمم ضلع میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے بعد بھدراچلم میں متاثرین سے خطاب میں چیف منسٹر نے ہر متاثرہ خاندان کو فوری امداد کے طور پر 10 ہزار روپئے اور 20 کیلو چاول کی فراہمی کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر متاثرہ علاقوں کے دورہ کیلئے کل حیدرآباد سے ورنگل روانہ ہوئے۔چیف منسٹر نے آج صبح نامساعد موسمی حالات کے باعث ہیلی کاپٹر کے ذریعہ فضائی سروے کے پروگرام کو ملتوی کرکے کئی علاقوں کا سڑک کے راستے دورہ کیا۔ بارش کے دوران چیف منسٹر گاڑیوں کے قافلہ کے ذریعہ زیر آب پُلوں سے گذرتے ہوئے متاثرہ آبادیوں میں پہنچے۔ بھدرا چلم کے کئی علاقوں میں چیف منسٹر نے متاثرین سے ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے متاثرین کیلئے قائم کیمپس کا دورہ کیا اور عوام سے سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ملگ اور ایٹورو ناگارم کے درمیان متاثرہ علاقوں کا سڑک کے راستے دورہ کیا۔ چیف منسٹر نے وزراء اور عوامی نمائندوں کے علاوہ عہدیداروں کو تباہ شدہ سڑکوں کی فوری مرمت اور پُلوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ بعد میں چیف منسٹر نے موسم میں بہتری کے بعد بھدراچلم سے ایٹورو ناگارم تک کے علاقوںکا ہیلی کاپٹر کے ذریعہ فضائی سروے کیا۔ چیف منسٹر نے دریائے گوداوری میں پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو آئندہ چند دنوں تک چوکسی برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے پانی میں محصور مواضعات میں ہر ممکن امداد پہنچانے کی ہدایت دی۔ دوپہر میں گیسٹ ہاوز میں لنچ کے بعد چیف منسٹر نے متاثرین کے امدادی کیمپس کا دورہ کیا اور عوام سے بات چیت کی۔ انہوں نے عہدیداروں کی جانب سے سیلاب کے نقصانات پر تصویری نمائش کا معائنہ کیا۔ چیف منسٹر نے سیلاب سے عوام کو بچانے کیلئے دریائے گوداوری میں خصوصی شانتی پوجا کی۔ فضائی سروے کے بعد انہوں نے عوامی نمائندوں و عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ مقامی عوامی نمائندوں نے چیف منسٹر کو سیلاب کی تباہ کاریوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ کے سی آر نے سیلاب کے نتیجہ میں تاریخی سیتا رام چندرا سوامی مندر کی مرمت اور تزئین نو کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ بھدراچلم کو گوداوری کے سیلاب سے مستقل طور پر بچانے اقدامات کئے جائیں گے جس کے تحت سیلاب کے پُرخطر علاقوں کے عوام کیلئے رہائشی کالونیاں تعمیر کی جائیں گی۔ اس سلسلہ میں جلد اراضی کی نشاندہی کی جائے گی۔ متاثرہ علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات میں تعمیر کئے جانے والے مکانات میں منتقل کیا جائے گا۔ بھدرا چلم اور پناپاکا اسمبلی حلقہ جات سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزراء ٹی ہریش راؤ، پی اجئے کمار، ای دیاکر راؤ، ستیہ وتی راتھوڑ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی اور مقامی ارکان اسمبلی و کونسل موجود تھے۔ جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر نے بتایا کہ 7274 خاندانوں کو محفوظ مقامات منتقل کیا گیا اور ان خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ جانی اور مالی نقصانات کو کم سے کم کرنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ 1986 میں گوداوری میں بھیانک سیلاب آیا تھا اس کے بعد یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ چیف منسٹر نے 29 جولائی تک عہدیداروں سے چوکس رہنے کی خواہش کی۔ر