بھگدڑ کے موقع پر تھیٹر کے انتظامات مائیتری موویز کے تحت تھے،پولیس کی نوٹس پر سندھیا تھیٹر کے انتظامیہ کا جواب

   

حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) فلم ’ پشپا 2 ‘ کی ریلیز کے موقع پر آر ٹی سی کراس روڈ پر واقع سندھیا تھیٹر میں پیش آئے بھگدڑ کے واقعہ کے سلسلہ میں پولیس نے تھیٹر انتظامیہ کو جو نوٹس جاری کی ہے اس کا جواب دیا گیا ہے۔ سندھیا تھیٹر کے انتظامیہ نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ سندھیا تھیٹر میں درکار تمام اجازت نامے موجود ہیں اور قواعد کے مطابق تھیٹر چلائی جارہی ہے۔ ذمہ داروں نے بتایا کہ 4 ڈسمبر کو ’ پشپا 2 ‘ کے پریمیئر شو کے موقع پر 80 ملازمین خدمات انجام دے رہے تھے۔ فلم تیار کرنے والے مائیتری مووی میکرس نے 4 اور 5 ڈسمبر کو تھیٹر کے انتظامات کی ذمہ داری لی تھی۔ سابق میں بھی فلم کی ریلیز کے موقع پر فلم کے ہیرو تھیٹر کو پہونچتے رہے ہیں۔ سندھیا تھیٹر میں کار اور بائیک کی پارکنگ کیلئے علحدہ انتظامات ہیں۔ سندھیا تھیٹر کے انتظامیہ نے 6 صفحات پر مشتمل اپنے جواب میں پولیس کو واقعہ کی تفصیلات اور تھیٹر میں موجود سہولتوں سے واقف کرایا۔