بھیماورم میں انجینئرنگ طلبہ نے سب سے بڑی الکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کی

   

حیدرآباد 26 جنوری (یو این آئی) آندھراپردیش کے بھیماورم میں انجینئرنگ کے طلبہ نے سب سے بڑی الکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کی جس کا سائز 15×6 فیٹ ہے ۔ اس ووٹنگ مشین کے افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں بھیماورم کے تحصیلدار سی ایچ پرساد نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور اس مشین کا افتتاح کیا۔ بھیماورم کے ایس آر کے آر انجینئرنگ کالج کے سال آخر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈپارٹمنٹ کے طلبہ نے یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس موقع پر تحصیلدار نے طلبہ کی اس انوکھی سوچ اور قدم پر ان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر پارتھا سارتھی ورما نے کہا کہ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے طلبہ ہر سال نئے پروجیکٹس ڈیزائن کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی ای وی ایم کی تیاری پر توقع ہے کہ گنیز بک میں یہ کارنامہ درج کیا جائے گا۔