بہادرپورہ میں خوفناک سڑک حادثہ ، بیوی ہلاک ، شوہر شدید زخمی

   

حیدرآباد /3 مئی ( سیاست نیوز ) بہادرپورہ علاقہ میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی ۔ جو اس کے شوہر کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہی تھی ۔ تاڑبن چوراہے پر ایک تیز رفتار ڈی سی ایم کی ٹکر سے یہ حادثہ پیش آیا ۔ جس میں 27 سالہ مادھوی ہلاک ہوگئی ۔ مادھوی دو ماہ کی حاملہ تھی جو کنگ کوٹھی کے ایک ہاسپٹل میں طبی جانچ کیلئے محبوب نگر سے آرہی تھی ۔ جیسے ہی ان کی موٹر سائیکل تاڑبن چوراہے پر پہونچی ایک تیز رفتار ڈی سی ایم نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر دے دی اور مادھوی ڈی سی ایم کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی ۔ مادھوی محبوب نگر کے ضلع کوڈور کے ساکن سرینواس گوڑ کی بیوی تھی اس حادثہ میں سرینواس گوڑ بھی زخمی ہوگیا جو پیشہ سے آر ایم پی ڈاکٹر بتایا گیا ہے۔ ع


باچوپلی میں کمپنی کے گودام میں آتشزدگی ، کوئی جانی نقصان نہیں
حیدرآباد /3 مئی ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ باچوپلی میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ۔ ایک کمپنی کے گودام میں اچانک لگی آگ سے مقامی طور پر سنسنی پھیل گئی۔ اطلاع کے فوری بعد حکام نے مقام حادثہ پہونچکر آگ پر قابو پالیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ دو فائر انجنوں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا ۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان کا واقعہ پیش نہیں آیا ۔ تاہم 5 لاکھ روپئے کی جائیداد کے نقصان کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق باچوپلی حدود کے پرگتی نگر میں فالنکس لیابس پرائیویٹ لمیٹیڈ کے گودام میں یہ حادثہ پیش آیا ۔ ع