انتظامیہ اور اولیائے طلبہ میں بحث وتکرار، پولیس کا لاٹھی چارج
حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ کشن باغ بہادر پورہ میں آج اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب ایک خانگی اسکول کے ٹیچر کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ۔چہارشنبہ کی صبح طلبہ اور اولیائے طلبہ کی کثیر تعداد احاطہ اسکول میںجمع ہوگئی اور ٹیچر کو برطرف کرنے کی وجہ دریافت کی۔ کچھ ہی دیر میں اسکول انتظامیہ اور اولیائے طلبہ کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی اور معاملہ طول پکڑنے کے نتیجہ میں اسکول انتظامیہ نے بہادر پورہ پولیس کو طلب کرلیا۔ احاطہ اسکول میں پولیس کو دیکھنے کے بعد طلبہ اور اولیائے طلبہ برہم ہوگئے اور اچانک احتجاج شروع کردیا اور بعد ازاں اسکول کے چیرمین کی گاڑی کا گھیراؤ بھی کیا۔ اولیائے طلبہ کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے زبردست لاٹھی چارج کیا جس میں چند طلبہ زخمی ہوگئے۔ پولیس کی اس کارروائی اور اسکول انتظامیہ کی پولیس میں شکایت پر اولیائے طلبہ نے اسکول انتظامیہ کی مذمت کی اور حالت روزہ میں طلبہ پر لاٹھیاں برسانے کے رویہ کی سخت مخالفت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ خانگی اسکول کے ٹیچر محمد اسمعیل کو آج صبح انتظامیہ نے ملازمت سے برخاست کرنے کا ایک مسیج بھیجا جبکہ ٹیچر محمد اسمعیل گزشتہ 14 سال سے اسکول میں برسر خدمت ہے اور طلبہ میں کافی مقبول ہیں۔ محمد اسمعیل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ملازمت سے ہٹانے کی وجہ نہیں بتائی گئی اور بغیر نوٹس کے انہیں اچانک گھر میں بیٹھ جانے کیلئے کہا گیا۔ حالات کشیدہ ہونے کے نتیجہ میں احاطہ اسکول میں بھاری پولیس فورس متعین کردی گئی تھی اور شام میں حالات معمول پر آگئے۔ ب