’سائیکل‘ پچھلے الیکشن میں ہی پنکچر ہو گئی تھی:سمرتی ایرانی

   

اترپردیش میں سماج و ادی پارٹی اورکانگریس اتحاد پر بی جے پی لیڈر کی تنقید
امیٹھی، 14 اکتوبر (یو این آئی) بی جے پی کی قومی جنرل سکریٹری اور سابق مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے اتر پردیش میں اپوزیشن کے سیاسی موقف پر سوال اٹھاتے ہوئے سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور کانگریس پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے الیکشن میں ایس پی کی سائیکل پہلے ہی پنکچر ہو چکی تھی۔ ساتھ ہی، کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی، جو 47 برس سے اتر پردیش میں حکومت بنانے میں ناکام رہی ہے ، اسے الیکشن کمیشن پر الزام لگانے کے بجائے اپنی سیاسی ناکامی کی وجوہات پر غور کرنا چاہیے ۔ امیٹھی کا حوالہ دیتے ہوئے ایرانی نے کانگریس کی اعلیٰ قیادت کی انتخابی صلاحیت پر بھی سوال اٹھایا۔ ایس پی کے تین ایم ایل ایز کے بی جے پی میں شامل ہونے کے موقع پر چہارشنبہ کو منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایس پی اور کانگریس پر سخت نشانہ لگایا۔ ایس پی پر طنز کرتے ہوئے سمرتی ایرانی نے کہا کہ پچھلے الیکشن میں ہی ایس پی کا سائیکل پنکچر ہو گیا تھا۔ اپوزیشن کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ جو لوگ جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں اور الیکشن کمیشن کی توہین کررہے ہیں انہیں اپنے کردار کے بارے میں سوچنا چاہیے ۔ دریں اثناء اترپردیش میں سماج وادی پارٹی کے 3 باغی ارکان اسمبلی ونود چترویدی، راکیش پرتاپ سنگھ اور ابھے سنگھ چہارشنبہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہوگئے ۔ امیٹھی کے گوری گنج میں منعقدہ ایک پروگرام میں بی جے پی کی قومی جنرل سکریٹری اسمرتی ایرانی اور ریاستی صدر پنکج چودھری نے تینوں ارکان اسمبلی کو پارٹی کی رکنیت دلائی۔ تینوں ارکان اسمبلی کے بی جے پی میں شامل ہونے کے موقع پر پارٹی کے کئی رہنما اور کارکن موجود تھے ۔