بہار میں اسد اویسی بمقابلہ عمران پرتاپ گڑھی

,

   

کانگریس اسٹار کیمپینرس کی فہرست میںشامل ۔ جذباتی تقاریر کا جذباتی شاعری سے جواب دینے کی کوشش

نئی دہلی ۔ بہار میں اسمبلی انتخابات کیلئے مہم بتدریج شدت اختیار کرتی جا رہی ہے اور انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہونچ رہی ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنی اپنی پارٹی کی مہم کو آگے بڑھانے کیلئے بھی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے ۔ ہر جماعت اپنی پارٹی کے اسٹار کیمپینرس کی فہرست تیار کر رہی ہے تاکہ عوام کے درمیان انہیں بھیج کر عوام کی تائید حاصل کی جاسکے ۔ بی جے پی کی انتخابی مہم میں جہاں وزیر اعظم نریندر مودی ‘ وزیر داخلہ امیت شاہ اور چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ کے علاوہ دوسرے قائدین حصہ لینے والے ہیں وہیں کانگریس نے بھی اپنے اسٹار کیمپینرس کی فہرست جاری کردی ہے ۔ کانگریس کے کیمپینرس کی فہرست میں جہاں پارٹی صدر سونیا گاندھی ‘ سابق صدر راہول گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے علاوہ کئی دوسرے قائدین بشمول غلام نبی آزاد اور چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ شامل ہیں وہیں نوجوان اور مقبول شاعر عمران پرتاپ گڑھی کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ کانگریس پارٹی بہار میں مجلس کے اسد اویسی کی جذباتی تقاریر کا اثر زائل کرنے اور اس کا جواب جذباتی شاعری سے دینے کیلئے عمران پرتاپ گڑھی کو میدان میں اتار ر ہی ہے ۔ پارٹی چاہتی ہے کہ عمران پرتاپ گڑھی کی مہم کے ذریعہ ووٹرس کو بہکنے سے روکا جائے اور انہیں آر جے ڈی ۔ کانگریس اتحاد سے قریب سے قریب تر کیا جاسکے ۔