بہار میں حکومت جرائم کی سرپرستی کررہی ہے :تیجسوی یادو

   

پٹنہ، 18 اکتوبر (یو این آئی) بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور راشٹریہ جنتا دل کے کارگزار صدر تیجسوی یادو نے مدھے پورہ میں آر جے ڈی کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر تعلیم پروفیسر چندر شیکھر یادو کے ماموں زاد بھائی کو دن دہاڑے گولی مار کر قتل کیے جانے کے واقعہ پر ریاستی حکومت پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں امن و قانون کی صورتحال پوری طرح بے قابو ہو چکی ہے اور حکومت کی سرپرستی، حمایت اور پشت پناہی میں ہونے والے جرائم تمام ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔یادو نے آج جاری اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بہار میں ووٹوں کی چوری کے ذریعہ بنی حکومت کی قیادت میں امن و قانون کی صورت حال مزید خراب ہوگئی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اقتدار، مجرموں اور پولیس کے درمیان ناپاک گٹھ جوڑ نے عام شہریوں کا جینا دشوار کر دیا ہے اور قانون کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔قائد حزب اختلاف نے وزیر اعلیٰ کے کام کرنے کے طریقے اور قیادت کی صلاحیت پر سوال اٹھاتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ریاست میں جرائم کے واقعات مسلسل تشویشناک صورتحال پیدا کر رہے ہیں۔یادو اس سے پہلے بھی ریاست میں امن و قانون کی صورت حال کو لیکر حکومت کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ مدھے پورہ میں آر جے ڈی کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر تعلیم پروفیسر چندر شیکھر یادو کے ماموں زاد بھائی پرنس رنجن یادو کو 16 اکتوبر کو دن دہاڑے گولی مار کر قتل کیے جانے کے واقعہ کے بعد انہوں نے ایک بار پھر حکومت پر حملہ کیا ہے ۔