بہار میں دو سرکاری اسکولوں کی زمینیں فروخت کردی گئیں

   

موتیہاری: بہار کے مشرقی چمپارن ضلع میں ایک نہیں بلکہ دو سرکاری اسکولوں کی زمین فروخت کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ مشرقی چمپارن ضلع کے ڈھاکہ بلاک کے اپ گریڈ شدہ ہائر سیکنڈری اسکول پچپکڑی اور اپ گریڈ شدہ مڈل پھلواریہ اسکولوں کی زمین فروخت کردی گئی ہے ۔ پانچ سال قبل 2019 میں 41 ڈسمل اراضی کا اندراج کیا گیا تھا، جس پر پھلواریہ مڈل اسکول قائم ہے ۔ ڈھاکہ کے سرکل آفیسر نے بھی خریدار کے نام پھلواریہ اسکول کا خریدنے والے کا نام پر داخل خارج کردیا ہے ۔ اگرچہ اس مڈل اسکول میں اساتذہ تعینات ہیں اور سینکڑوں بچے پڑھنے بھی آتے ہیں لیکن ملازم کی رپورٹ کے مطابق اراضی کو خالی قرار دیا گیا ہے جو کہ فروخت کرنے والے کی طرف سے دخل- قبضہ بتایا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ہائیر سیکنڈری اسکول پچپکڑی کے اسکول کے احاطہ کی زمین فروخت کر دی گئی ہے جبکہ مذکورہ زمین اسکول کے احاطہ کے اندر ہے اور بچے اسے کھیل کے میدان کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔
اس جعلسازی کو خفیہ رکھنے کے لیے ڈھاکہ میں رجسٹریشن آفس میں ہونے کے باوجود اس کی رجسٹری موتیہاری رجسٹریشن آفس میں کرائی گئی ۔ دونوں ہی معاملے ڈھاکہ کے ایم ایل اے پون جیسوال نے اسمبلی میں بھی اٹھائے ہیں۔ محکمہ جاتی وزیر نے بھی کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ایڈیشنل کلکٹر مکیش سنگھ معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی یو این آئی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ ایک سنگین جرم ہے ۔ اس میں ملوث کسی ملازم یا افسر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جا سکتی۔