بہار: کئی اضلاع سیلاب سے بے حال، گنگا اور پن پن میں طغیانی

   

پٹنہ۔ بہار میں پٹنہ سمیت کئی اضلاع میں سیلاب نے خطرناک صورت حال پیدا کر دی ہے۔ گنگا اور پن پن ندیوں میں طغیانی دیکھنے کو مل رہی ہے اور یہ خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ پٹنہ کے کئی گاوں میں سیلاب کا پانی داخل ہو گیا ہے ۔ انتظامیہ کا راحت رسانی کا کام جاری ہے۔ آبی وسائل محکمہ بتایا کہ گنگا ندی بھاگلپور کے کہل گاوں میں خطرہ کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جب کہ پن پن پٹنہ کے شری پال پور میں خطرے کے نشان کے اوپر ہے۔ اس کے علاوہ باگمتی ندی مظفر پور کے بینی آباد، دربھنگہ کے حیا گھاٹ میں خطرے کے نشان سے اوپر اور بوڑھی گنڈک ندی کھگڑیا میں لال نشان کے اوپر بہہ رہی ہے۔ کملا بلان مدھوبنی کے جے نگر و جھنجھارپور ریل پل کے پاس خطرے کے نشان کو پار کر گئی ہے۔ پٹنہ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں کمیونٹی کچن چلایا جا رہا ہے۔