اقامتی اسکولس کے لیے مشترکہ وسیع کیمپس ، چیف منسٹر ریونت ریڈی
حیدرآباد۔یکم۔مارچ (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ جلد ایجوکیشن کمیشن اور رعیتو کمیشن کے قیام کو یقینی بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج سیول سوسائیٹی کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی اور بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے جلد ہی دو کمیشنوں کے قیام کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے بتایا کہ ریاست میں حکومت نے ایجوکیشن کمیشن کے قیام کے ذریعہ ریاست میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے علاوہ ازیں تلنگانہ میں چلائے جانے والے مختلف طبقات کے اقامتی اسکولوں کو یکجا کرتے ہوئے 25 ایکڑ کے وسیع کیمپس میں قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ اس ایک کیمپس میں ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی اور اقلیتی اقامتی اسکولوں کے قیام کے ذریعہ ذات پات پر مبنی نظام کو ختم کرنے کی کوششوں کا آغاز کیا جاسکے۔انہوں نے ملاقات کرنے والے وفد کے نمائندوں کو بتایا کہ ریاستی حکومت حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں اس سلسلہ میں پائلیٹ پراجکٹ کا آغاز کرچکی ہے۔چیف منسٹر نے بتایا کہ ریاست میں کانگریس کے اقتدار حاصل کرنے کے فوری بعد ’’دھرنا چوک‘ ‘ کو بحال کرنے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں اور پرگتی بھون کو مہاتما جیوتی راؤ پھولے پرجا بھون کے نام سے موسوم کرتے ہوئے اس میں عوامی داخلہ کی اجازت دے دی گئی ہے۔ انہو ںنے بتایاکہ حکومت انتظامیہ کے توسط سے ریاست کے عوام سے فلاحی اسکیمات اور ان کے مسائل کے متعلق درخواستوں کی وصولی کویقینی بنا رہی ہے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ریاست میں قائم کئے جانے والے ایجوکیشن کمیشن کے ذریعہ ریاست میں تعلیم کے نظام کو قطعیت دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہو ں نے آج سیکریٹریٹ میں سیول سوسائیٹی کے نمائندوں پروفیسر کودنڈا رام‘ مسٹر یوگیندر یادو‘ رکن قانون سازکونسل مسٹر مہیش گوڑ‘ پروفیسر ہر گوپال‘پروفیسر وشویشور راؤ‘ مسز رما ملکوٹے‘ پروفیسر ریاض ‘ پروفیسر پروشوتم‘ جی اینیا کے علاوہ دیگر سے ملاقات کے دوران یہ بات بتائی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کسانوں کے مسائل بالخصوص زرعی اراضیات کو کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے کاشت کرنے والے کسانوں اور زرعی مزدوروں کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے جلد ہی کل جماعتی اجلاس طلب کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی رائے حاصل کی جائے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان مسائل کے حل کے سلسلہ میں زرعی کمیشن کے قیام کو بھی قطعیت دی جائے گی اور اس کا بھی جلد اعلان کردیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے ریاست میں جاری حکومت کی سرگرمیوں کے متعلق وفد کے نمائندوں کو تفصیل سے واقف کروایا اور کہا کہ کانگریس اقتدار میں آنے کے بعد سابقہ حکومت کی غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش میں مصروف ہے۔3