بیدر میں مسلمانوں سے آج کاروبار بند رکھنے کی اپیل

   

حجاب سے متعلق عدالتی فیصلہ پر اظہار ناراضگی ، علماء اور دیگر شخصیتوں کا اجلاس

بیدر۔ شرعیہ بورڈ آف انڈیا کے دفتر موقوعہ گلزارکالونی بیدر میں آج سہ پہر مولانا عبدالغنی خان امام مسجد محبوب گنج بیدر اور مولانا عبدالوحیدقاسمی امام مسجد محمودگاوان بیدر کی رہنمائی میں ایک اجلاس منعقد ہواجس میں حجاب کولے کر امارت شرعیہ کرناٹک کے امیر شریعت حضرت مولانا صغیراحمد رشادی کے جمعرات 17مارچ کو کئے گئے کرناٹک کے پرامن بند کے اعلان پر اپنے اپنے خیالات کااظہار کیا۔ بعدازاں ایک پریس نوٹ جاری کیا جس میں کہاگیاکہ’’ امارت شرعیہ کرناٹک کی جانب سے امیر شریعت حضرت مولانا صغیراحمد رشادی کے اعلان پر ساری ریاست کرناٹک میں پرامن بند منایاجارہاہے اسی کے پیش نظر دفتر شریعہ بورڈ بیدر پر ایک اجلاس منعقد ہواجسمیں مختلف تنظیموں اور جماعتوں کے ذمہ دار موجودتھے۔ متفقہ طورپر طئے پایاکہ امیرشریعت کے حکم پر تمام تعلیمی ادارے، کاروباری ادارے، ہوٹلس اور سرکاری ملازمین سبھی رضاکارانہ طورپر کل یعنی 17؍مارچ کو پرامن بند رکھیں اور حکومت کو یہ خاموش پیغام دیں کہ ہم تمام مسلمان اور ملک کی سیکولر عوام ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہیں اور اس سے ناراض ہیں‘‘ پریس نوٹ پر دستخط کرنے والے اورآج کے اجلاس میں شریک افراد میں حسب ذیل اشخاص شامل تھے۔ مولانا عبدالغنی خان، مولانا عبدالوحیدقاسمی ، ڈاکٹر مقصود چندا،جناب عبدالمنان سیٹھ ،جناب سید مبشر ابو، مولانا عاصم خان ، سید منصوراحمد قادری ،جناب محمدنیازاحمد ، جناب ایس ایچ قادری سراج ،جناب مرزا صفی اللہ بیگ، جناب مبشر سندھے ، جناب محمد عسکر علی ایڈوکیٹ ، سید سرفراز ہاشمی ایڈوکیٹ ،جناب محمد خورشید آئیٹا ،جناب محمد اسمعیل حسین کاظم ، محمد شعیب الدین ، جناب سید شجاع الدین ، جناب محمد سلیمان قریشی وغیرہ وغیرہ ۔اس بات کی اطلاع جناب محمدامجدحسین نے دی ہے۔