بیرونی ممالک سے آنے والے افراد پر محکمہ صحت کی نظر: پرشانت ریڈی

   

مسلمان نماز جمعہ گھر میں ادا کریں، احتیاطی تدابیر سے بچائو ممکن
حیدرآباد۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی نے ریاست میں عمل کئے جارہے لاک ڈائون پر عمل آوری کے سلسلہ میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے نظام آباد ضلع کے بالکونڈہ اور دیگر اسمبلی حلقہ جات میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔ پرشانت ریڈی نے عوام سے کہا کہ وہ حکومت کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے خود کو اور اپنے اہل خانہ کو کورونا کے قہر سے بچائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف احتیاطی تدابیر کے ذریعہ ہی مرض کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ احتیاطی تدابیر اور لاک ڈائون کے سلسلہ میں کوئی رعایت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تحدیدات کے بارے میں واقف کرانے کے لیے ہر گھنٹہ سائرن بجایا جارہا ہے اور پبلک ایڈرس سسٹم کے ذریعہ گائوں میں مہم چلائی جارہی ہے۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ مذہبی مقامات پر عوامی اجتماعات سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ نماز جمعہ کے موقع پر کثیر تعداد میں جمع نہ ہوں بلکہ اپنے مکانات میں عبادت کریں۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ مارکٹ میں قیمتوں پر قابو پانے کے لیے عہدیداروں کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ بیرونی ممالک سے آنے والے افراد پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ بیرونی ممالک سے آنے والے افراد کو ایک ہی کمرے میں بیوی بچوں کے ساتھ رہنے کے بجائے حکومت کے کورنٹائن سنٹر میں قیام کرنا چاہئے۔ اگر اس شخص میں کوئی وائرس کے اثرات پائے گئے تو اس کا اثر خاندان کے دیگر افراد پر پڑے گا۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بیرونی ممالک سے آنے والے افراد پر نظر رکھیں اور وقتاً فوقتاً ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کے پھیلائو کو روکنے کے اقدامات سے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ عوام کو چاہئے کہ وہ پابندیوں پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔