بیرونی ممالک میں ہندوستانیوں کی بڑھتی طاقت باعث فخر :سشما

,

   

وارانسی 21جنوری(سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ سشما سوراج نے این آر آئی ہندوستانیوں کی دنیا میں بڑھتی قائدانہ صلاحیتوں کو نئے ہندوستان کی ترقی کے لئے اہم بتاتے ہوئے پیر کو کہا کہ وزیرا عظم نریندر مودی کی قیادت میں کئے گئے تاریخی کاموں کی وجہ سے بیرون ملک رہنے والے ہندوستانیوں کا تعلق ملک سے کافی مضبوط اور گہرا ہوا ہے ۔مسٹر مودی کے پارلیمانی حلقے میں ‘‘ نئے ہندوستان کی تعمیر میں غیر مقیم ہندوستانیوں کا کردار’’ موضوع پر منعقد پروگرام کے پہلے دن‘‘ یوا پرواسی بھارتی ’’کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ ساڑھے چار سال میں دنیا بھر میں ہندوستان کی حالت میں تیزی سے مضبوطی آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ہندوستان کے بہت سے لوگ معلم، انجینئر، نرس اور دیگر کاموں کے لئے بیرون ممالک کا رخ کیا تھا لیکن اب وہ وقت پوری طرح سے بدل رہا ہے ۔ دنیا کی بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سی ای او سے لیکر بیرون ممالک میں قانون اور معاشی شعبے میں فیصلے لینے والے اداروں کا اہم حصہ بننے میں کامیاب رہے ہیں وہ متعدد ممالک کی پارلیمنٹ میں بھی نمائندگی کر رہے ہیں۔بڑالال پور واقع پنڈت دین دیال اپادھیائے سنکل میں منعقد کانفرنس میں اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، مرکزی وزیر برائے اطلاعات ونشریات کے علاوہ وزیر کھیل ( آزادانہ چارج) کرنل راج وردھن سنگھ راٹھور، ناورے کے رکن پارلیمنٹ ہمانشو گلاٹی اور نیوزی لینڈ کے رکن پارلیمنٹ کمل جیت سنگھ بخشی نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔محترمہ سوراج نے ہندوستان کو نوجوانوں کا ملک بتاتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ساڑھے چار سالوں میں مسٹر مودی کے قیادت میں ہر شعبے میں قابل ذکر ترقی ہوئی ہے ۔ میعاری تعلیم اور فروغ ہنر مندی کے شعبے میں ہندوستان دنیا کے منتخب ممالک میں شامل ہوگیا ہے ۔آئی آئی ایم اور آئی آئی ٹی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم اور ریسرچ کی بہترین سہولت دستیاب ہے ۔اس موقع پر اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ مسٹر مودی کی قیادت میں ابھرتے ہندوستان کی تصویر صاف طور پر دکھنے لگی ہے ۔ ان کے رہنمائی میں تقریبا دو سالوں میں ریاست میں سرمایہ کاری کا ماحول بنا ہے ۔ سیاحت کے شعبے میں لامحدود امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدیم ثقافتی شہر کاشی کی وراثت کو محفوظ رکھتے ہوئے ساڑھے چار سالوں میں اس کی زمینی ترقی کی گئی ہے اب کاشی کی تبدیل شدہ صورت پوری دنیا کے سامنے آگئی ہے ۔مسٹر یوگی نے غیر مقیم ہندوستانیوں کو پریاگ راج کے کمبھ میں ساڑھے چار سو سال بعد ‘‘اکشے وٹ’’ اور ‘‘سرسوتی کوپ’’ کھلنے کی خوش خبری دیتے ہوئے کہا کہ 24 جنوری کو ان کو وہاں لے جانے کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ وہاں جاکر وہ اس مذہبی مقام پر ضرور جائیں۔