بیرون ممالک ملازمت ، تعلیم کے نام پر سائبر دھوکہ باز گرفتار

   

تلنگانہ اور آندھراپردیش کے کئی افراد دھوکہ دہی کا شکار
حیدرآباد /22 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے ایک بین ریاستی شاطر سائبر دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا ۔ جو بیرون ممالک ملازمت تعلیم اور روزگار کے نام پر دھوکہ دے رہا تھا ۔ یہ بات کمشنر پولیس حیدرآباد سٹی مسٹر انجنی کمار نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 27 سالہ سرینواس راؤ کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ جو عنبرپیٹ علاقہ کا ساکن اور ایسٹ گوداوری ضلع ریاست آندھراپردیش کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ دونوں تلگو ریاستوں میں اس شاطر دھوکہ باز کے خلاف 20 سے زائد مقدمات پائے جاتے ہیں ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے گیارہ لاکھ 50 ہزار روپئے نقد رقم 12 موبائل فون 29 سم کارڈ لیاب ٹاپ موٹر سایئکل اور 3 اے ٹی ایم کارڈز کو ضبط کرلیا ۔ سال 2016 میں ایم ٹیک کی تکمیل کے بعد یہ روزگار کی تلاش میں تھا اور حصول روزگار میں ناکامی کے سبب یہ شخص مالی پریشانیوں کا شکار ہوگیا ۔ جس نے منصوبہ تیار کیا اور پہلے شادی کے رشتوں کے نام پر دھوکہ دینا شروع کردیا ۔ ایک کنسلٹنسی قائم کرنے کے بعد اس نے سال 2017 میں حیدرآباد کا رخ کیا اور اخبارات میں اشتہارات دینا شروع کردیا ۔ حیدرآباد منتقل ہونے کے بعد اس نے عنبرپیٹ میں ایک مکان کرایہ پر حاصل کیا اور سم کارڈ حاصل کرتے ہوئے اشتہارات دئے اور خود کو فینانس کمپنی کا مالک ظاہر کرتے ہوئے لون دلانے کے نام پر بھی دھوکہ دہی کا جھانسہ دیا ۔ اس نے 150 افراد کو دھوکہ دیتے ہوئے 2 کروڑ روپئے کا غبن کرلیا ۔ اس موقع پر پولیس کے دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے۔