بیوی کا عاشق کے ساتھ شوہر کا قتل،ایک ماہ بعد بیوی اور عاشق گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 20 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : علاج کے بہانے شوہر کو حیدرآباد منتقل کرنے کے بعد بیوی نے عاشق کے ساتھ شوہر کا قتل کردیا ۔ گھٹکیسر پولیس نے ایک ماہ بعد بیوی اور اس کے عاشق کو کوہیر سنگاریڈی سے گرفتار کرلیا ۔ 22 جون کو گھٹکیسر یانم میٹ چوراہے سے پولیس نے 55 سالہ توکااپا کو بے ہوشی کے عالم میں دستیاب کیا تھا اور اس شخص کو پولیس نے گاندھی ہاسپٹل علاج کے لیے منتقل کیا جو فوت ہوگیا ۔ پولیس نے 24 جون کے دن مقدمہ درج کیا تھا اور اس کیس کی سنجیدگی سے تحقیقات کرتے ہوئے قتل کی سازش کا پردہ فاش کردیا اور متوفی کی بیوی 40 سالہ کے ایشوراماں اور اس کے آشنا 35 سالہ ایم سرینواس کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ قاتل اور مقتول کا تعلق ناگی ریڈی پلی کوہیر سنگاریڈی سے بتایا گیا ہے ۔ قاتل خاتون مقتولہ کی دوسری بیوی ہے ۔ جس کی پہچان ایک سال قبل سرینواس سے ہوئی تھی ۔ اور دونوں کی پہچان ناجائز تعلقات کا سبب بنی ناجائز تعلقات میں شوہر رکاوٹ بن رہا تھا جو فالج کے حملہ کے بعد بیمار رہتا تھا ۔ خاتون ایشوراماں نے شوہر کے بہتر علاج کا بہانہ بنایا اور 21 جون کے دن شوہر کو لے کر بودیرا چوراہا پہونچی جہاں اس کا آشنا سرینواس بھی پہونچا مقتول شوہر نے اپنی قاتل بیوی سے سرینواس کے تعلق سے دریافت کیا تو بیوی نے شوہر کو بتایا کہ وہ ڈاکٹرس کے متعلق بہترین جانکاری رکھتا ہے ۔ لہذا ان دونوں میاں بیوی نے اسے اپنے ساتھ لے لیا اور گھٹکیسر پہونچے جس کے بعد انہوں نے مقتول کو سیندھی پلائی اور شراب خریدنے کے بعد پیدل یانم میٹ چوراہا پہونچے ۔ پولیس نے بتایا کہ شراب خریدنے سے قبل انہوں نے زہریلی دوا خریدی اور شراب میں ملا کر توکااپا کو پلادیا اور اسے چھوڑ کر اپنے مقام چلے گئے تھے ۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد انہیں گرفتار کرلیا ۔۔ ع